خدیجہ کی کامیابی محنت اور عثمان پبلک کا تعلیمی معیار ہے‘والد 

44

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انٹرمیڈیٹ بورڈ پری میڈیکل گروپ سال 2018 میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی عثمان پبلک اسکول سسٹم کی طالبہ خدیجہ اشرف کے والد محمد اشرف بھٹی نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری بیٹی نے آج تک کوئی ٹیوشن سینٹر جوائن نہیں کیا اور نہ ہی کبھی ٹیوشن پڑھی اس کی وجہ عثمان پبلک اسکول کا اعلیٰ تعلیمی معیار ہے، اسکول کے اساتذہ بچوں کی تربیت پر خصوصی توجہ دیتے ہیں۔ خدیجہ اشرف نے 1100نمبروں میں سے 988نمبر (89.81%) حاصل کرکے کراچی انٹرمیڈیٹ بورڈ کے پری میڈیکل گروپ سال 2018 ؁ میں دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ خدیجہ اشرف ابتداء سے ہی عثمان پبلک اسکول سسٹم سے منسلک رہی ہیں اور کامیابی کے مراحل طے کرتے ہوئے آج کراچی میں دوسری پوزیشن حاصل کی ہے ۔عثمان پبلک اسکول سسٹم کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سیّدمعین الدین نیّر نے انٹر میڈیٹ بورڈ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی عثمان پبلک ہائر سیکنڈری اسکول کیمپس 1کی طالبہ خدیجہ اشرف بنتِ محمد اشرف بھٹی، انکے والدین اور تمام اساتذہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔ سیّد معین الدین نیّر سرسید گرلزکالج میں بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے زیر اہتمام پری میڈیکل نتائج کے اعلان کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے جماعتِ اسلامی ضلع وسطی کے امیر منعم ظفر خان اور عثمان پبلک اسکول سسٹم کمیٹی کے چیئرمین منیر یعقوب کا شکریہ ادا کیا جن کی سرپرستی اور تعاون میں عثمان پبلک اسکول سسٹم کامیابیوں کی منازل طے کررہا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.