محکمہ صحت،بائیومیٹرک ویری فیکیشن نہ کرانے والے ملازمین کوآخری موقع

60

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی محکمہ صحت نے بائیو میٹرک ویری فیکیشن نہ کرانے والے ملازمین کو آخری موقع فراہم کر دیا ہے۔ ایسے تمام ملازمین کو 30 ستمبر تک مہلت دی گئی ہے جس کے بعد انہیں گھوسٹ ملازمین قرار دے کر نہ صرف تنخواہیں روک دی جائیں گی بلکہ انضباطی کارروائی بھی کی جائے گی۔ اس ضمن میں صوبائی ایڈیشنل چیف سیکرٹری صحت ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ نے11 ستمبر کو اعلامیہ جاری کر دیا۔ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل صحت کو احکامات جاری کیے کہ 7 ہزار 376 ملازمین کی فہرست فراہم کی جا رہی ہے جنہوں نے بائیو میٹرک ویری فیکیشن نہیں کرائی ہے۔ ان تمام ملازمین کو 30 ستمبر 2018ء تک آخری موقع دیا جا رہا ہے کہ وہ سندھ سیکرٹریٹ کی چھٹی منزل پر محکمہ صحت کے دفتر میں آٹو میشن یونٹ پر حاضر ہو کر
اپنی ویری فیکیشن کرائیں۔ ان ملازمین کو دوبارہ موقع نہیں دیا جائے گا کیوں کہ اس سے قبل 23 مئی اور16 جولائی کو بھی انہیں طلب کیا جا چکا ہے۔ 30 ستمبر تک ویری فیکیشن نہ کرانے والے ملازمین کو گھوسٹ قرار دے کر ان کی تنخواہیں روک لی جائیں گی اور ان کے خلاف سخت انضباطی کارروائی بھی کی جائے گی۔ اس لیے ڈائریکٹر جنرل صحت ویری فیکیشن نہ کرانے والے ملازمین کو پابند کریں اور 30 ستمبر تک ان کی حاضر ی کو یقینی بنائیں۔
محکمہ صحت

Print Friendly, PDF & Email
حصہ