آواران میں فورسز کا آپریشن ،4 دہشتگرد ہلاک،ایک اہلکار شہید

25

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت)آ پریشن ردالفساد کے تحت سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع آواران میں کارروائی کرتے ہوئے 4دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک سپاہی رمز علی شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر )کیجانب سے جاری بیان کے مطابق سیکورٹی فورسز نے آواران کے قریب جھا کے علاقے میں بی ایل ایف کے دہشت گردوں کی موجودگی کیخفیہ معلومات پر آپریشن کیا۔اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولا بارود برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد رواں سال مشکے میں فوجی قافلے پر حملہ کرنے میں ملوث تھے،اس حملے میں پاک فوج کے5 جوان شہید ہوئے تھے۔ آواران کے قریب کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی رمز علی نے جام شہادت نوش کیا جبکہ ایک اور جوان نائیک یعقوب زخمی ہوا۔ شعبہ تعلقات کے مطابق 24 سالہ رمز علی شہید کا تعلق صوبہ سندھ کے علاقے خیرپور میرس سے تھا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ