جماعت اسلامی ایک تحریک کا نام ہے ،سینیٹر مشتاق احمد

72

نیشنل لیبر فیڈریشن خیبر پختونخوا کا المرکز اسلامی پشاور میں الیکشن کے بعد کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے برادر تنظیمات کا ایک اہم اجلاس زیر صدارت سینیٹر مشتاق احمد خان کے منعقد ہوا۔ اجلاس میں برادر تنظیمات کے عہدیداران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس میں نیشنل لیبر فیڈریشن کے صوبائی صدر طلا محمد اور جنرل سیکرٹری فلک تاج نے بھی شرکت کی۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے بڑی تفصیل سے الیکشن کے انعقاد اور جماعت اسلامی کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے ہر لحاظ سے الیکشن کے لیے پوری تیاری کر رکھی تھی مگر کچھ عناصر ایسے تھے جن کی وجہ سے الیکشن کے نتائج ہمارے حق میں نہیں آئے۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک تحریک کا نام ہے اور ہمارا کام صرف الیکشن تک محدود نہیں۔ ہم پاکستان میں اسلامی انقلاب کی بات کرتے ہیں اور انقلاب کے لیے بے انتہا قربانی کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر برادر تنظیمات کے عہدیداران نے فرداً فرداً اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ نیشنل لیبر فیڈریشن خیبر پختونخوا کے صدر طلا محمد نے کہا کہ ہم نے الیکشن مہم میں پورے صوبے میں بھرپور حصہ لیا اور اپنا فعال کردار ادا کیا۔ صوبے کے مزدور محنت کشوں نے اپنے نظریے کو ووٹ دیے۔ ہمارا ضمیر مطمئن ہے کہ ہم نے کرپشن کے خلاف صالح اور نیک لوگوں کو ووٹ دیے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوے جنرل سیکرٹری نیشنل لیبر فیڈریشن خیبر پختونخوا فلک تاج نے کہا کہ شاید ہم پاکستانی عوام کی نبض کو ابھی تک جان نہیں سکے یا شاید عام عوام میں تعلیم کی کمی ہے جس کی وجہ سے وہ نیک اور صالح لوگوں کے پہچاننے سے قاصر ہے۔ تقریب کے اختتام پر سینیٹر مشتاق احمد خان نے شرکا کا شکریہ ادا کیا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ