نگراں وزیراعظم کی کوریائی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

85
اسلام آباد :نگراں وزیر اعظم ناصر الملک جنوبی کوریا کے سفیر سے مصافحہ کر رہے ہیں 
اسلام آباد :نگراں وزیر اعظم ناصر الملک جنوبی کوریا کے سفیر سے مصافحہ کر رہے ہیں 

اسلام آباد (اے پی پی) نگراں وزیراعظم جسٹس(ر) ناصر الملک نے جزیرہ نما کوریا میں مثبت پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کوریائی کمپنیوں کو دعوت دی ہے کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کار دوست ماحول سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ نگراں وزیراعظم نے ملک میں مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں، غیر ملکی مشنز اور متعلقہ حلقوں کے مابین تعاون کو تقویت دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جمہوریہ کوریا کے سفیر کواک سیونگ نے گزشتہ روز وزیراعظم آفس میں ان سے خیرسگالی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے ان سے گفتگو
کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جمہوریہ کوریا کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ خوشگوار تعلقات تمام شعبوں میں پھلتے پھولتے رہیں گے۔ علاوہ ازیں ناصر الملک نے منگل کو وزیراعظم آفس میں سرمایہ کاری بورڈ کے بارے میں بریفنگ کی صدارت کی۔ سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ محمد جہانزیب خان نے نگراں وزیراعظم کو ملک میں مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری برادری کو سہولت دینے، قانون سازی میں بہتری، سرمایہ کار کو راغب کرنے کے لیے ریگولیٹری اور پالیسی فریم ورک، کاروبار میں آسانی پیدا کرنے اور نمایاں ادارے کی حیثیت سے سی پیک منصوبہ جات کے تحت صنعتی تعاون کو تقویت دینے میں ادارے کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کاروبار میں سہولت دینے اور معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کار کو راغب کرنے کے حوالے سے سرمایہ کاری بورڈ کی کاوشوں کی تعریف کی۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں، وزارتوں، غیر ملکی مشنز اور دیگر متعلقہ حلقوں کے مابین تعاون کو تقویت دینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ کاروباری برادری کو زیادہ سے زیادہ سہولت میسر ہو اور ملک میں سرمایہ کاری کی تیز تر نمو میں رکاوٹیں دور ہوں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ