ایپکا کا محکمہ تعلیم کے بدعنوان افسران کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

59

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن نے محکمہ تعلیم کے بد عنوان افسران کے خلاف انکوائری کا مطالبہ کرتے ہوئے بد عنوان افسران کی بحالی منسوخ کرنے کی اپیل کی ہے ، ایپکا نے ان بدعنوان تعلیمی افسران کے خلاف کرپشن کے ثبوت دینے کا بھی عندیہ دیا ہے۔آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کا اجلاس صدر ملک خورشید احمد قادری کی صدارت میں ہوا جس میں ایپکا رہنماؤں اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔جنرل سیکرٹری ایپکا محمد افضال خان نے ملازمین کے حل طلب مسائل
پیش کیے جس میں کیا گیا کہ 1992ء کے جونیئر اور سینئر کلرکس کے پروموشن فوری کیے جائیں، دفاتر سے اساتذہ کو دفتری ذمے داریوں سے فوری ہٹایا جائے ،اس ضمن میں ڈائریکٹر اسکولز کی خاموشی معنی خیز ہے ۔ اجلاس میں سابق چیف سیکرٹری سندھ فضل الرحمن کو نگران وزیر اعلیٰ سندھ بننے پر مبارکباد بھی پیش کی گئی اور اس امید کا اظہار کیا گیا کہ وہ اپنے بہترین تجربے کی بنیاد پر اپنی ماہرانہ کاوشوں کو بروئے کا ر لاتے ہوئے تعلیمی زبوں حالی کا نوٹس لیں گے اور افسران کو میرٹ کی بنیاد پر تعینات کریں گے۔ ایپکا رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بدعنوان افسران کی بحالی کسی صورت قبول نہیں کریں گے کیونکہ تعلیم کا بیڑا غرق کرنے میں ہمیشہ بد عنوان افسران کا کر دار رہا ہے لہٰذا محکمہ تعلیم کے بد عنوان افسران کے خلاف انکوائری کرائی جائے اور ان کی بحالی منسوخ کی جائے ۔ایپکا ان بدعنوان تعلیمی افسران کے خلاف کرپشن کے ثبوت دینے کو تیار ہے۔ ایپکا رہنماؤں نے ڈی ای او پرائمری کورنگی آپا ناہید کا تبادلہ منسوخ کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ