مکمل کوائف کے حامل شہری شناختی کارڈ کے حق دار ہیں ، نادرا

97

کراچی (پ ر)ڈائریکٹر جنرل سندھ نادرا میر نجم خان درانی نے کہا ہے کہ کراچی اور حیدر آباد میں روزانہ 11ہزار 500سے زائد افراد کو شناختی کارڈ جاری کیے جارہے ہیں۔ تحریک محصورین مشرقی پاکستان کے چیئر مین بریگیڈ یئر (ر)صلاح الدین کی قیادت میںآئے 4رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مطلوبہ دستاویز کے حامل شہری شناختی کارڈ کے حق دار ہیں ۔وفد میں لیفٹیننٹ کرنل (ر)محمد اسلم، معید اشرف اور حید رعلی حیدر شامل تھے ۔ ڈی جی نادرانے کہا کہ شناختی کارڈ کے اجرا اور عوام کو سہولیات مہیا کرنے کے لیے مزید میگا سینٹرز کا اضافہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کارڈ کے اجرا میں حائل
رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے بھی عملی کوششیں کی جارہی ہیں ۔ مشرقی پاکستان سے آنے والی بہاری برادری کے حوالے سے انہوں نے اہم انکشاف کیا کہ جب تک ان کے بارے میں قومی اسمبلی میں بل پاس نہیں ہوجاتا، ان کے ساتھ اس طرح کے مسائل لگے رہیں گے ۔اس موقع پر بریگیڈیئر (ر)صلاح الدین نے کہا کہ جب حکومت بہاریوں کو پاکستانی تسلیم کرتی ہے تو ان کو کارڈ بھی جاری کرے ۔ وفد میں شامل تحریک محصورین پاکستان کے جنرل سکرٹری حید ر علی حیدر نے ڈی جی نادرا کو ان کے ادارے کی جانب سے محتلف قسم کے بہانے بناکر کارڈ کے اجرا میں رکاوٹوں کی فہرست پیش کی ،جس پر نادرا کے ذمے دار افسر مقصود جھنڈانی نے کہا کہ وہ چند روز میں فہرست چیک کر کے تحقیقی جواب سے آگا ہ کریں گے ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ