کراچی سحر وافطار کے اوقات میں بھی بجلی کی آنکھ مچولی،شہری ازیت کا شکار 

290

کراچی/حیدآباد ( اسٹاف رپورٹر ) کراچی کے مختلف علاقوں میں سحر و افطار کے اوقات میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی ۔کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پہلی سحری سے شروع ہونے والی بجلی کی آنکھ مچولی وقفے وقفے سے تاحال جاری ہے اور افطار کے وقت بھی بجلی بندش سے شہریوں کی جان نہیں چھوٹ سکی۔شدید گرمی کے باوجود کے الیکٹرک بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے
میں بری طرح ناکام ہوگئی۔متاثرہ علاقوں میں نارتھ کراچی،نیوکراچی، بفرزون ،لیاقت آباد،غریب آباد، اورنگی ٹاؤن ، گل بہار،گارڈن ، لائنزایریا ،گلستان جوہر،گلشن اقبال،کورنگی، لانڈھی ،ملیر کینٹ گلشن عمیر، یونیورسٹی روڈ،موسمیات اور عباس ٹاؤن شامل ہیں۔ غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث سحر و افطار کے اوقات میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے ۔ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ سحر کے اوقات میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی، ایک یونٹ پر کام کے باعث کچھ علاقوں میں عارضی طور پر اعلانیہ لوڈ مینجمنٹ کیا جارہا ہے صارفین کی ہر ممکن معاونت کے لیے عملہ موجود ہے۔دوسری جانب حیدرآباد میں بھی یکم رمضان حیسکو کی وجہ سے روزے داروں پر بھاری گزرا۔ مختلف علاقوں میں بغیر اطلاع کے بجلی کی بندش نے لوگوں کو اذیت میں مبتلا رکھا۔سندھ کے دوسرے بڑے شہر میں انتہائی گرم موسم میں بجلی بندش نے شہریوں کا براحال کردیا۔ عوام نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ ماہ رمضان میں لوڈشیڈنگ کا فوری سدباب کریں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ