الخدمت کے تحت شیخ زید میڈیکل کمپلیکس میں فری میڈیکل کیمپ 

123
لاہور: الخدمت اورشیخ زید اسپتال کے تحت یتیم بچوں کیلیے میڈیکل کیمپ میں شرکا کا گروپ فوٹو
لاہور: الخدمت اورشیخ زید اسپتال کے تحت یتیم بچوں کیلیے میڈیکل کیمپ میں شرکا کا گروپ فوٹو

لاہور (نمائندہ جسارت ) الخدمت فاؤنڈیشن کے کفالت یتامیٰ پروگرام کے تحت پیشنٹ بینوولنٹ سوسائٹی شیخ زید اسپتال کے تعاون سے شیخ زید میڈیکل کمپلیکس میںیتیم بچوں کے لیے فری میڈیکل کیمپ کاانعقادکیا گیا۔ جس میں الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت1 ہزار یتیم بچوں اور ان کی ماؤں کا مکمل میڈیکل چیک اپ کیا گیا اور ادویات فراہم کی گئیں۔ میڈیکل کیمپ میں نیشنل ڈائریکٹر آرفن
فیملی سپورٹ پروگرام بریگیڈیئر (ر)عبدالجبار بٹ، سینئر مینجر الخدمت آرفن فیملی سپورٹ پروگرام یاسر الطاف، چیئرپرسن پیشنٹ بینولنٹ سوسائٹی پروفیسر ڈاکٹر سعدیہ شہزاد، ہیڈ آف ڈیزاسٹر مینجمنٹ پیشنٹ بینولنٹ سوسائٹی پروفیسر ڈاکٹر عائشہ ہمایوں، صدر پیشنٹ بینولنٹ سوسائٹی ڈاکٹر شاہد اقبال، ڈاکٹر راؤ اویس اختر، حسن ریاض، ڈاکٹر وقاص احمد، ڈاکٹر مہر حمزہ، ڈاکٹر بلال گجر، 25 سینئر ڈاکٹرز سمیت120 ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور الخدمت رضاکاران نے خدمات سرانجام دیں۔ اس کے علاوہ مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات نے بھی کیمپ کا دورہ کیا۔ کیمپ میں بچوں کی تفریح کے لیے فیس پینٹنگ، مہندی، ٹیبلوز، پپٹ شو اور جھولوں کے علاوہ بچوں اور ان کے سرپرستوں کے لیے کھانے کا بھی انتظام کیا گیاتھا۔ بریگیڈیئر(ر)عبدالجبار بٹ نے اس موقع پر کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن آرفن کیئر پروگرام کے تحت ملک بھر کے 10 ہزار سے زائد یتیم بچوں کو تعلیم، خوراک، تربیت اور ذہنی و جسمانی نشوونما کے بہترین مواقعے فراہم کرنے کے ساتھ ان کی صحت کا بھی خیال رکھا جاتا ہے۔ اس مقصد کے لیے سال میں2 مرتبہ میڈیکل کیمپس لگائے جاتے ہیں جن میں ان کا مکمل مفت طبی معائنہ کیا جاتا ہے اور ادویات فراہم کی جاتی ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر سعدیہ شہزاد نے کہا کہ پیشنٹ بینولنٹ سوسائٹی اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ان یتیم بچوں کے لیے الخدمت کے ساتھ میدان عمل میں کوشاں ہے۔ ہم1 ہزار یتیم بچوں کے لیے تیسرا عظیم الشان میڈیکل کیمپ لگانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ان کیمپس کے ذریعے بچوں کی مکمل ہیلتھ اسکریننگ کی جاتی ہے تاکہ کسی بھی بیماری کی صورت میں انھیں مکمل طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ