شبیر شاہ کی طرف سے شہدائے سوپور کو زبرست خراج عقیدت

142

مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری شبیر احمد شاہ نے شہدائے سوپور کو24ویں برسی کے موقع پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ 6جنوری 1993 کو سوپور میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے کشمیریوں کی یاد ہمارے دل سے کبھی بھی محو نہیں ہوگی اور انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائیگا ۔

انہوں نے کہا کہ 6جنوری 1993 میں بھارتی فوجیوں نے سوپور قصبے میں اندھا دھند فائرنگ کرکے 55 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کردیا تھا ۔انھوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے کشمیریوں کے جذبہ حریت پر انہیں انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانے کیلئے اربوں روپے کی املاک کو خاکستر اورانسانی جانوں سے خون کی ہولی کھیلی تھی۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ اس سانحہ کو 24 برس گزرنے کے باوجود قاتل فوجی کھلے عام گھوم رہے ہیں اور انکے خلاف آج تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے کٹھ پتلی حکمرانوں نے خود کو قاتل فورسز اہلکاروں کے تحفظ اور بچاﺅ کیلئے وقف کر رکھا ہے ۔

شبیر احمد شاہ نے کشمیری عوام کو بھارت نوازسیاست دانوں سے دوری اختیار کرکے شہداء کے مشن کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے کی تلقین کی ۔ انہوں نے شہداء سوپور کے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے طاقت کے نشے میں چور اور فسطائی سوچ کا مظاہرہ کرتے ہوئے گاﺅکدل ، ہندواڑہ ، کپواڑہ ، کنہ کدل ، حول ، شوپیان ، مشعلی محلہ ، بیجبہاڑہ ، حضرت بل ، مرکنڈل اور دیگر سینکڑوں مقامات پر بھی ہزاروں کشمیریوں کا قتل عام کرکے یہ ثبوت پیش کیا ہے کہ وہ کسی قائدے قانون کے پابند نہیں اور ان کےلئے انسانی جانوں کا زیاں کوئی مسئلہ نہیں ۔

حریت رہنماء نے عالمی اداروں باالخصوص اقوام متحدہ کے ذمہ داروں سے اپیل کی کہ وہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث اہلکاروں کے خلاف بین الاقوامی عدالت میں مقدمہ چلائیں اور بھارتی حکمرانوں کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پابند بنائیں۔

انہوں نے جدوجہد آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ۔ ادھر حریت رہنماﺅں ظفر اکبربٹ اور جاوید احمد میر نے سرینگر میں ایک اجلاس سے خطاب اور مصدق عادل نے ایک بیان میں شہدائے سوپور کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ