وزیر اعظم نواز شریف سے ترکی کے مذہبی امور کے صدر میہمت گرمیز کی ملاقات

143

وزیر اعظم محمد نواز شریف سے ترکی کے مذہبی امور کے صدر میہمت گرمیز نے لاہور میں عالمی سیرت النبی کانفرنس کے موقع پر ملاقات کی۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے میہمت گرمیز کی امت مسلمہ کی خدمات کے حوالے سے کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ امت مسلمہ کو درپیش مسائل کا واحد حل دین اسلام کی تعلیمات اور آنحضور کی سنت مبارکہ پر حقیقی معنوں میں عمل کرنے میں ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور امت مسلمہ کا مسئلہ یہ ہے کہ ہم دہشت گردی کا شکار ہو رہے ہیں۔ میہمت گرمیز نے کہا کہ یہ بات باعث افسوس ہے کہ دنیا میں ہر جگہ مختلف فرقوں کی اپنی اپنی مساجد ہیں۔

ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ اگر ہمیں اپنے دینی اور دنیاوی مسائل کو حل کرنا ہے تو اس کے لئے مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہو گا اور ہمیں مشترکہ طور پر ایک ایسا مربوط نظام وضع کرنا ہوگا جس کی روشنی میں تمام فرقے اور امت مسلمہ باہمی اختلافات کوبھلا کر اتحاد اور یگانگت کے ذریعے اسلامی تعلیمات کو حقیقی روح میں معاشرے میں رائج کریں جو دینی اور دنیاوی فلاح کی ضمانت ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ