آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کوہرا کر کلین سویپ کردیا

68

آسٹریلیا نے ڈیوڈ وارنر کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں 117 رنز سے شکست دے کر سیریز کلین سویپ کر لی، کینگروز نے وارنر کی 156 رنز کی دلکش اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 265 رنز کا ہدف دیا، کیوی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 147 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کے کپتان سٹیون سمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، ڈیوڈ وارنر کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت کینگروز نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنائے، وارنر نے کیریئر کی 11 ویں سنچری سکور کی اور 156 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 13 چوکے شامل تھے، دیگر بلے بازوں میں تراوس ہیڈ 37 اور جارج بیلی 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ایرن فنچ تین جبکہ سٹیون سمتھ اور مچل مارش بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 3،مچل سینٹنر اور کولن ڈی گرانڈ ہوم نے 2،2 وکٹ حاصل کی ۔

 نیوزی لینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 36.1 اوورز میں 147 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ مارٹن گپٹل 34 ، ٹام لیتھم 28، کپتان کین ولیمسن 13 ، ہینری نکلوس 3 ، کولن منرو 20 ، بی جے واٹلنگ 8 ، کولن ڈی گرینڈ ہوم 11 ، مچل سینٹنر 15 ، ٹم ساؤدی 4 اور ٹرینٹ بولٹ ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سےمچل سٹارک نے تین جبکہ جیمز فالکنر، پیٹ کمنز اور تراوس ہیڈ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

 آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر کو میچ اور سیریز کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ