ٹی20 ورلڈکپ: بھارت نے پاکستان کو ویزوں کی منظوری دےدی

419

کراچی (سید وزیر علی قادری): انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے جو بھارت میں منعقد ہوگا، بھارت نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ویزے جاری کرنے کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق بھارت نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستان ٹیم کو ویزہ جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے اور بھارت میگا ایونٹ کی کوریج کے لیے پاکستان کے صحافیوں کو بھی ویزے جاری کرے گا تاہم بھارت پاکستان سے تعلق رکھنے والے  شائقین کرکٹ  کی بھارت آمد کے سلسلے میں بعد میں فیصلہ کرے گا۔

 ترجمان آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کے انعقاد سے پہلے کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلا جائے گا جس کو 2گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

 ٹی20 انتظامیہ کے مطابق  گروپ ‘اے’ میں سری لنکا،آئرلینڈ ، اسکاٹ لینڈ  جبکہ گروپ ‘بی’ میں بنگلا دیش، ہالینڈ، نمبییا شامل ہیں جو سپر 12 راؤنڈز میں کھیلیں گے۔

 واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین احسان مانی نے چند روز قبل آئی سی سی کو خط لکھا تھا جس میں مجوزہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سلسلے میں بھارت کی جانب سے ویزے جاری کرنے میں تاخیر پر تشویش  کا اظہار کیا تھا۔

اس سلسلے میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ہنگامی بنیادوں پر بھارتی کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا اور بالاخر میزبان ملک نے فوری طور پر بھارتی حکومت کو اعتماد میں لے کر اعلان کردیا جس کی باقاعدہ اطلاع آئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو دے دی گئی ہے۔

اس سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے عبوری چیف ایگیزیکٹیو آفیسر جیف ایلارڈس نے کہاہےکہ امید ہے ٹی20 ورلڈ کپ پلان کے مطابق بھارت میں ہی ہوگا اور ایسا نہ ہونے کی صورت میں ہمارے پاس متبادل پلان بھی موجود ہیں۔

جیف ایلارڈس کا کہناتھاکہ بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور اس سلسلے میں کام کر رہے ہیں۔

خیال رہے ٹی20 ورلڈ کپ میں صرف 6 ماہ باقی ہیں جبکہ بھارت میں کورونا کی تیسری لہر عروج پر ہے اور 6 مارچ سے اب تک بھارت میں ایک لاکھ سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ اکتوبر اور نومبر میں ورلڈ ٹی 20 کا انعقاد بھارت میں ہونا ہے جو پہلے 2020 میں آسٹریلیا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث التوا کا شکار ہوا تھا تاہم بعد ازاں اسے بھارت منتقل کیا گیا تھا ۔