فرانس کی اپنے شہریوں اور کمپنیوں کو فوری پاکستان چھوڑنے کی ہدایت

419
کراچی: فرانسیسی سفارتخانے کی جانب جانےوالے راستے کو کنٹینر لگا کر بند کردیاگیا ‘جبکہ پولیس اہلکار الرٹ کھڑے ہیں

اسلام آباد(صباح نیوز)فرانسیسی سفارت خانے نے تمام فرانسیسی شہریوں اور کمپنیوں کو فوری طور پر پاکستان چھوڑنے کی ہدایت کردی۔فرانسیسی سفارت خانے کی جانب سے اپنے شہریوں کو ارسال کردہ ای میل میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں فرانسیسی مفادات کو لاحق سنگین خطرات کے باعث پاکستان چھوڑنے کی ہدایت کی جاتی ہے ۔ ای میل میں کہا گیا کہ یہ روانگی موجودہ کمرشل ائر لائنز کے ذریعے انجام دی جائے گی۔دوسری جانب فرانسیسی سفارت خانے میں پریس اتاشی ویرونک وینگر نے اس بات کی تصدیق کی کہ ہم نے احتیاطی طور پر پاکستان میں موجود اپنے تمام شہریوں کو پاکستان چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ احتجاجی مظاہروں نے فرانسیسی شہریوں کے لیے سیکورٹی کے سنگین خطرات پیدا کردیے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارا سفارتخانہ ابھی بند نہیں ہوا لیکن محدود عملے کے ساتھ کام کررہا ہے۔