اپوزیشن ایسا دھماکا کریگی لوگ 28مئی کو بھول جائیںگے،اخترمینگل

118

کوئٹہ(آن لائن )بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سرداراخترجان مینگل نے کہاہے کہ اپوزیشن سرپرائز میں ایسا دھماکا کریگی کہ لوگ 28مئی کا دھماکابھول جائیںگے ،ہمیں اقتدار کی بھوک نہیں اور نہ ہی مسئلہ سیٹوں کا ہے، اصل مسئلہ آئین کی بالادستی اور قومی برابری کاہے ،حکمرانوں نے طاقت کے ذریعے مخالفین کو دباﺅ میں لانے کی کوششیں کی لیکن ناکام رہے ، ہمیں سیاست سے دور رکھنے کی کوشش کی گئی، جمہوری پروسس سے دور ہٹانے کی کوشش کی گئی، بلوچستان کے جملہ حقوق کی بات کرنے پر لاشیں تحفے میں اور پابند سلاسل کیا گیا، حکمرانوں نے مسائل کے حل کی بجائے اپنے اقتدار کو تحفظ دینے کی کوشش کی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایم پی اے ہاسٹل میں شمولیتی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس سے قبل بلوچستان نیشنل پارٹی(عوامی) کی سینیٹ امیدوار برائے خواتین نشست نسیمہ احسان شاہ نے بی این پی بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل کی سربراہی میں بی این پی (عوامی )سے مستعفی ہو کر بی این پی مینگل میں شمولیت کااعلان کیا۔