حلیم عادل سے ناروا سلوک ‘شیخ رشیدکا نوٹس‘رپورٹ طلب

91

اسلام آباد(اے پی پی+آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کے ساتھ ناروا سلوک کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری سندھ سے رپورٹ طلب کرلی ۔وزارت داخلہ کی طرف سے پیر کو جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ نے حلیم عادل شیخ سے متعلق میڈیا میں آنے والی رپورٹس پر نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ حلیم عادل شیخ ایک معزز رکن سندھ اسمبلی ہیں، ان کے بنیادی انسانی حقوق کا خیال رکھا جائے اور انہیں تمام ضروری طبی سہولیات مہیا کی جائیں۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے حلیم عادل شیخ کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین کیخلاف جھوٹے مقدمے اور غنڈوں سے تشدد قابل مذمت ہے۔ ٹوئٹرپر فواد چودھری کا کہنا تھا کہ حلیم عادل شیخ کی سیاسی مقدمات میں گرفتاری کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، سیاسی مخالفوں کو جھوٹے مقدموں میں جیل میںڈلوا کے اپنے غنڈوں سے تشدد کرانا انتہائی قابل مذمت ہے، حلیم عادل کو فی الفور رہا کیا جائے۔دوسری جانب وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے سندھ کے زیرحراست قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کے اہل خانہ سے رابطہ کر کے سندھ میں حکومتی سرپرستی میں پیپلزپارٹی کی غنڈہ گردی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ مراد سعید نے کہا کہ اوباش، بدمعاش، لٹیرے اور قاتل سندھ میں اقتدار پر قابض ہیں۔