پی ایس ایل میں بے حیائی حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے‘جماعت اسلامی

137

کراچی(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر ممتاز حسین سہتو ایڈووکیٹ نے پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں بے حیائی و بے شرمی کا مظاہرہ کرنے کی سخت مذمت اور اسے ریاست مدینہ کے دعویدار حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ قرار دیا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو حکومتی سرپرستی میں بے ہودگی پھیلانا کیوں نظر نہیں آتا؟ پی سی بی کے اس کارنامے پر ان کی گرفت ہونی چاہیے۔ حکمران غیروں کے آلہ کار بن کر اسلام و کلمہ طیبہ کے نام پربننے والے ملک میں اس طرح بے حیائی و بے غیرتی کو فروغ دے کر ایک طرف شہدائے پاکستان کے خون پر نمک پاشی تو دوسری طرف نظریہ پاکستان و آئین سے غداری کے مرتکب ہورہے ہیں کیونکہ آئین میں واضح طور پر لکھا ہے کہ کوئی بھی کام قرآن و سنت کے منافی ہرگز نہیں ہوگا اور نہ ہی اس طرح کوئی قانون سازی کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغرب میں بے حیائی کے فروغ سے ماں بہن بیٹے کے رشتے کا تقدس پامال، خاندانی نظام تباہ ہوچکا ہے اور وہ اب ہمارے ملک میں بھی اسی طرح کی سازش کر رہے ہیں۔ آئے بروز معصوم بچیوں اور بچوں کے ساتھ جنسی درندگی کے واقعات حکومت کے انہی پالیسیوں کا شاخسانہ ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے ریاست مدینہ سے لے کر مہنگائی کے خاتمے تک قوم سے دھوکا کیا ہے۔ مہنگائی کے طوفان سے لے کر بے حیائی کے فروغ تک اس حکومت کے جھوٹ کا واضح ثبوت ہے ۔