سیف اللہ ابڑو ‘پلوشہ اور فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی چیلنج

134

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پی ٹی آئی رہنما سیف اللہ ابڑو کے کاغذات نامزدگی الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کردیے گئے۔غلام مصطفی میمن کی جانب سے الیکشن ٹریبونل میں اپیل دائر کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سیف اللہ ابڑو نے اثاثے چھپائے ، سیف اللہ ابڑو کے اثاثوں میں اچانک کئی گنا اضافہ ہوا، 2018ء اور2021ء گوشواروں میں زمین و آسمان کا فرق ہے،سیف اللہ ابڑو کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض اٹھایا، ریٹرنگ افسر نے سنے بغیر ہی سیف اللہ ابڑو کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے،ریٹرنگ افسر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے ، سیف اللہ ابڑو کو سینیٹ الیکشن کے لیے نااہل قرار دیا جائے۔علاوہ ازیںپلوشہ محمد زئی کے کاغذات نامزدگی بھی چیلنج کردیے گئے۔عاقب راجپر، خلیل الرحمن انصاری، حسیب اللہ نے ٹریبونل سے رجوع کرتے ہوئے کہا ہے کہ پلوشہ نے پنجاب سے راتوں رات اپنا ووٹ کراچی منتقل کرایا،ووٹ کی منتقلی آئین کے آرٹیکل 220 اور 226 کی خلاف ورزی ہے، پلوشہ کراچی کی مستقل رہائشی نہیں، اعتراضات کو سنے بغیر مسترد کر دیا گیا، پلوشہ کے کاغذات نامزدگی کو مسترد قرار دیا جائے۔دوسری جانب وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کردیے گئے۔قادر خان مندوخیل نے ریٹرنگ افسر کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کردی۔قادر مندوخیل کا درخواست میں کہناہے کہ فیصل واوڈا نے امریکی شہریت سے متعلق حقائق چھپائے،ریٹرنگ افسر نے اعتراضات سننے سے انکار کردیا،ریٹرنگ افسر کا اقدام غیر قانونی اور غیر آئینی ہے، فیصل واوڈا حقائق چھپانے پر عوامی عہدے کے لیے نااہل ہیں، فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی مسترد اور فیصل واوڈا کو سینیٹ الیکشن کے لیے نااہل قرار دیا جائے۔