این آئی سی وی ڈی سے 15 لاکھ 70 ہزار مریضوں نے استفادہ کیا

262

کراچی (اسٹاف رپورٹر) این آئی سی وی ڈی کراچی سے سال 2020ء میں 8لاکھ سے زاید مریضوں نے اپنا علاج کرایا جبکہ این آئی سی وی ڈی ہیلتھ کیئر نیٹ ورک کے 10 اسپتالوں اور 18 چیسٹ پین یونٹس سے مجموعی طورپر 15 لاکھ 70 ہزار 617 مریضوں نے استفادہ کیا۔ این آئی سی وی ڈی کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق این آئی سی وی ڈی کراچی میں 8 لاکھ 48 ہزار 470 مریض علاج کی غرض سے آئے۔لاڑکانہ، ٹنڈو محمد خان، حیدرآباد، سیہون، سکھر، نواب شاہ، مٹھی، خیر پور اور لیاری میںقائم سیٹلائٹ سینٹر ز میں 5 لاکھ 57 ہزار 580 مریض معائنے کے لیے آئے جبکہ گلشن چورنگی، ملیر ہالٹ، قیوم آباد چورنگی، ناگن چورنگی، آئی آئی چندریگر روڈ، لانڈھی نمبر3، کریم آباد، اورنگی نمبر 5، گذری، نیو کراچی، موسیٰ لین، قائدآباد، کنٹونمنٹ اسپتال صدر، کیماڑی، جیکب آباد، عمر کوٹ، گھوٹکی اورٹنڈو باگو میں موجود چیسٹ پین یونٹس میں ایک لاکھ 64 ہزار 567 مریضوں نے سینے میں فوری درد کی شکایت پر ابتدائی طبی امداد حاصل کی۔ اعداد و شمار کے مطابق 3 لاکھ 22 ہزار 512 مریض او پی ڈی میں آئے، 5 لاکھ 10ہزار 136 کو ایمرجنسی میں لایا گیا، 5 ہزار 212 ارلی انویسیو، 14 ہزار 20 پرائمری پی سی آئی، 2 ہزار 85 الیکٹیو انجیو پلاسٹی، 8 ہزار 795 انجیوگرافی، 566 پیڈز کیتھ انٹروینشن، ایک ہزار 767 اوپن ہارٹ سرجریز کی گئیں جبکہ 5 لاکھ57 ہزار 414 ای سی جیز اور 12 لاکھ 8 ہزار 329 لیبارٹری ٹیسٹ کیے گئے۔ این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ندیم قمر کااس موقع پر کہنا تھا کہ ان کے پاس اسپتال مینجمنٹ کا انتہائی مستعد اور تربیت یافتہ عملہ ہے جو مختلف اسپتالوں سے این آئی سی وی ڈی آیا ہے اور دن رات اسپتال اور مریضوں کی خدمت میں مصروف ہے۔ انہوں نے 2015ء میں جب چارج سنبھالا تو 6 لاکھ 43 ہزار مریض اسپتال آئے جن کی تعداد میں ہر گزرتے سال کے ساتھ اضافہ ہوا۔ 2019ء میں اسپتال نے 22 لاکھ 91 ہزار 403 مریضوں کو صحت کی سہولیات دیں۔ 2020ء میں کورونا وائرس اور ایس او پی کے باوجود 15 لاکھ سے زاید مریضوں نے رجوع کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیسٹ پین یونٹس اور سیٹلائٹ سینٹرز کا جال پورے سندھ میں پھیلایا جائے گا تاکہ سندھ کا کوئی بھی باشندہ صوبے کے کسی کونے میں بھی امراض قلب کی سہولیات کی عدم فراہمی سے جاں بحق نہ ہو۔