ددہوچہ ڈیم پر کام بلا تعطل جاری رہنا چاہیے، کمشنر راولپنڈی

342

راولپنڈی: کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر)محمد محمود کا کہنا ہےکہ ددہوچہ ڈیم پر کام ہر صورت بلا تعطل جاری رہنا چاہیے کیونکہ مفاد عامہ کا یہ ناگزیر منصوبہ پہلے ہی تاخیر کا شکار رہا ہے اور اب ایسا نہیں ہونا چاہئے۔

کمشنر راولپنڈی ریٹائرڈ کیپٹن محمد محمود نے کمشنر آفس میں سمال ڈیمز پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے خطاب میں کہا کہ ددہوچہ ڈیم پر کام کی باقاعدہ ٹائم لائن بنائی جائے اور ہر ہفتہ اس پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

کمشنر کیپٹن (ر) محمد محمود نے راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ددہوچہ ڈیم سے واٹر سپلائی کی فیزیبلٹی تیار کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس مقصد کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جس میں واسا، آر ڈی اے، ماحولیات، جنگلات اور محکمہ انہار کے افسران کو بھی شامل کیا جائے۔

ریٹائرڈ کیپٹن محمد محمود کا کہناتھا کہ مہوٹہ ڈیم کے متاثرین میں رقوم کی تقسیم کا عمل تیزی سے جاری ہے اور راولپنڈی ضلع کی حدود میں مہوٹہ ڈیم کے 75 فیصد متاثرین میں رقوم تقسیم ہو چکی ہیں جبکہ ضلع چکوال میں 35 فیصد متاثرین میں رقوم تقسیم ہو چکی ہیں۔

کمشنر ریٹائرڈ کیپٹن محمد محمود کا کہنا تھاکہ ضلع چکوال میں متاثرین میں سات کروڑ اور 17لاکھ روپے میں سے چار کروڑ 25لاکھ روپے تقسیم ہو چکے ہیں اور باقی متاثرین میں سے ایک بڑی تعداد سمندر پاکستانیوں پر مشتمل ہے جن میں بھی رقوم کی تقسیم کا عمل مکمل کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب کمشنر کیپٹن (ر) محمد محمود نے کہا کہ چہان ڈیم میں ڈیم کی زمین کی حدود کے ارگرد معلوماتی بورڈز نمایاں جگہوں پر لگائے جائیں تاکہ تجاوزات کا امکان نہ ہو سکے اور عوام الناس کو ڈیم کی حدود کے بارے میں آگاہی دی جا سکے۔

خیال رہے اجلاس میں ڈائریکٹر فنانس اینڈ پلاننگ نازیہ پروین سندھن، محکمہ سمال ڈیمز کے اعلی افسران، ڈپٹی ڈائریکٹر آر ڈی اے محمد عزیز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔