جماعت اسلامی سندھ کے وفد کی ڈی آئی جی لاڑکانہ سے ملاقات

217

کراچی(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی سندھ کے وفد نے صوبائی جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ کی قیادت میں سندھ خصوصاً لاڑکانہ ڈویژن میں قبائلی تصادم اور امن امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے حوالے سے پولیس کے مؤثر اور بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصرآفتاب سے ان کے آفس میں ملاقات کی ۔وفدنے زور دیا کہ پولیس کا محکمہ علاقے میں امن امان کی بحالی اغوابرائے تاوان کی روک تھام اور قبائلی جھگڑوں کے خاتمے کے لیے اپنی ذمے داری پوری کرے، قبائلی تصادم میں آئے روز بڑے پیمانے پر بے گناہ اور معصوم لوگوں کا قتل عام خصوصاً کشمور اور شکارپور اضلاع میں صورتحال سنگین اور معمول زندگی مفلوج ہوچکے ہیں۔ وفد میں ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالحفیظ بجارانی، علامہ حزب اللہ جکھرو، عبدالرحمن منگریو، قاری ابو زبیر جکھرو،مولانا محمود الٰہی ہکڑو، محمد عاشق دھامرہ اور محمد بچل ابڑو شامل تھے۔ اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے کہا کہ لاڑکانہ ریجن میں اغوابرائے تاوان کی وارداتیںاور قبائلی جھگڑوں میں بے گناہ لوگوں کی قیمتی جانیں ضائع ہورہی ہیں، جرائم پیشہ افراد کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے جرائم میں اضافہ اور قتل وغارتگری میں بھی تیزی دیکھنے میں آرہی ہے ان حالات میں پولیس کی ذمے داری ہے کہ وہ جرائم پیشہ افرادکے خلاف بھرپور کارروائی کرکے امن امان کی بحالی اور قبائلی تصادم کو روکے،قبائلی تصادم جاہلیت کی نشانی ہے جس کی اسلام میں سخت ممانعت ہے جس کی وجہ سے سندھ میں ہزاروں لوگ قتل اور پورے گائوں تباہ ہوچکے جبکہ لاکھوں لوگ اپنے آبائی گھربار چھوڑ کر ہجرت پر مجبور ہوئے ہیں، اس لیے اس اہم مسئلے پر سندھ پولیس سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سخت اقدامات کرے تاکہ عام آدمی سکھ کا سانس لے سکے۔ انہوں نے لاڑکانہ ڈویژن سمیت سندھ بھر میں قبائلی تصادم کے خاتمے اور امن امان کی بحالی کے لیے جماعت اسلامی کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا اعادہ بھی کیا۔ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب نے جماعت اسلامی وفد کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس سلسلے میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔