کیٹل کالونی شکار پور کی تعمیر کے دوران سیکورٹی کیلیے رینجرز کوخط

185

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ کی صدارت میں شکار پور کیٹل کالونی کی تعمیر کے حوالے سے ایک اجلاس سیکرٹری لائیو اسٹاک سندھ کے دفتر میں منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری لائیو اسٹاک سندھ اعجاز مہیسر ، ڈپٹی کمشنر شکار پور کاشف نبی کھوڑو ، محکمہ لائیو اسٹاک اور محکمہ ورکس اینڈ سروسز کے افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر سیکرٹری لائیو اسٹاک اور ڈپٹی کمشنر شکار پور نے کیٹل کالونی کی تعمیر کے بارے میں بریفنگ دی اور ڈپٹی کمشنر شکار پور نے کہا کہ کیٹل کالونی شکار پور کے تعمیری کام کے دوران سیکورٹی فراہمی کی غرض سے رینجرز کو بھی خط لکھ دیا گیا ہے۔اس موقع پر وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ شکار پور کیٹل کالونی کی تعمیر کرنے والے تمام افراد کو مکمل سیکورٹی فراہم کرنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں سے رابطہ ہے اور اس کی تعمیر میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی اور اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ شکار پور میں کیٹل کالونی کا قیام شکار پور کے شہریوں سے کیے گئے وعدے کے عین مطابق ہے۔ کیٹل کالونی شکار پور کی تعمیر سے شہر میں صحت و صفائی کے مسائل بہت حد تک حل ہو جائیں گے۔ انہوں نے محکمہ لائیو اسٹاک اور محکمہ ورکس اینڈ سروسز کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ مذکورہ منصوبے پر کام کی رفتار کو تیز کریں تاکہ منصوبہ جلد از جلد مکمل کیا جاسکے۔