کسٹمز کی کارروائی، 96لاکھ روپے کی چھالیا ضبط، 2 ملزم گرفتار

88

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ماڈل کسٹمزکلکٹریٹ پریونٹیوکے شعبہ اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن نے 96لاکھ مالیت کی 8ہزار کلو گرام اسمگل شدہ چھالیا ضبط کرتے ہوئے2 ملزمان کوگرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیاہے۔ذرائع کے مطابق کلکٹر پریونٹیو ثاقف سعیدکو خفیہ اطلاع ملی ٹرک کے ذریعے چھالیا کی اسمگلنگ کی جارہی ہے جس پر کلکٹرپریونیٹونے اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کی چھاپہ مارٹیم کوہدایات جارہی کیں کہ آرسی ڈی ہائی وے پر تمام آنے جانے والی گاڑیوںکی سخت نگرانی شروع کی جائے تاہم چوک پوائنٹ ماچکو کے قریب ایک ڈمپر کو روک کراس کی تلاشی کی گئی توٹرک سے 96لاکھ مالیت کی 8ہزارکلوگرام چھالیا برآمدہوئی جیسے قبضے میں لے کر3ملزمان غلام سرور،رسول بخش اورشیرمحمدکے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے جبکہ عدالت سے ملزمان کاسات روزہ ریمانڈبھی حاصل کرلیا ہے۔ علاوہ ازیں ماڈل کسٹمزکلکٹریٹ اپریزمنٹ اینڈفیسی لیٹیشن ویسٹ نے انڈرانوائسنگ کے ذریعے بال بیرنگ کھیپ کی کلیئرنس ناکام بناتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیاہے۔ذرائع نے بتایاکہ درآمدکنندہ کی جانب سے درآمدکیے جانے والے کھیپ کی جانچ پڑتال کی گئی توانکشاف ہواکہ میسرزایکسل انٹرنیشنل کی جانب سے فائل کی جانے والی گڈزڈیکلریشن میں کھیپ کی درآمدی ویلیو 43 لاکھ67ہزار221روپے ظاہرکی جبکہ کھیپ کی درست درآمدی قیمت 72لاکھ 24ہزار 184 روپے ہے۔ذرائع کے مطابق درآمدکنندہ نے کم ویلیوظاہرکرکے قومی خزانے کو لاکھوں روپے مالیت کا نقصان پہنچایاجارہاتھا۔ پاکستان کسٹم امپورٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر مذکورہ کمپنی کے مالک سید بشیر احمد کو گرفتار کر لیاگیا۔جس پر محکمہ کسٹمز نے مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا۔