یوم شہادت عثمان غنیؓ عقیدت و احترام سے منا یا گیا

584

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر/ایجنسیاں) اہلسنّت والجماعت پاکستان کے تحت ملک بھرمیں یوم عثمان ؓ بھرپور طریقہ سے منایا گیا،کراچی سمیت مختلف شہروںمیں مدح صحابہؓ مطالباتی جلوس نکالے گئے،اہلسنّت والجماعت کے ترجمان عمرمعاویہ کے مطابق ملک بھرمیں 18ذوالحجہ بمطابق9اگست بروز اتوار کویوم شہادت سیدنا عثمان غنی ؓ بھرپور طریقہ سے عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا۔مدح صحابہ ؓ مطالباتی جلوسوںمیں ہزاروں کارکنان وعوام اہلسنّت نے شرکت کرکے خلیفہ سوم ،صحابی رسول ﷺسیدناحضرت عثمان غنی ؓ کی دینی خدمات پر خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ انکے یوم شہادت پر حکومت سے عام تعطیل کا مطالبہ بھی کیا۔ اہلسنّت والجماعت کے ترجمان عمرمعاویہ نے کہا کہ ملک بھرمیں اہلسنّت والجماعت نے فرقہ واریت کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا اورجلوسوں میں ہمیشہ اصحاب رسول ﷺ کے کردار اور اسلامی خدمات پر روشنی ڈالی جس سے عوام میں محبت اور بھائی چارگی کا پیغام عام ہوا اور مسلکی تفریق بھی کافی حد تک کم ہوئی۔کراچی میںلسبیلہ چوک میںنکالے گئے جلوس سے صدراہلسنّت والجماعت پاکستان علامہ اورنگزیب فاروقی، صدر اہلسنّت والجماعت کراچی علامہ رب نوازحنفی ودیگر خطاب کیا ،علامہ اورنگزیب فاروقی نے کہاکہ حضرت سیدنا عثمان غنی ؓ کا یومِ شہادت 18 ذی الحجہ ہے، سیدنا عثمان غنیؓ خاندانِ بنو امیہ سے تھے، سیدنا عثمان غنیؓ 12 سال تک خلیفہ رہے اور کئی ممالک فتح کرکے خلافت اسلامیہ میں شامل کیے۔علاوہ ازیں امیر جماعت غربااہلحدیث پاکستان ورئیس جامعہ ستاریہ الاسلامیہ مولاناحافظ عبدالرحمن سلفی نے کہاہے کہ عثمان غنیؓ کی حیات طیبہ مسلمانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ امیرالمومنین سیدناحضرت عثمان غنی ؓ کی شہادت امت مسلمہ کاایک المناک سانحہ ہے جس کے اثرات سے امت میں اتفاق واتحاد کو نقصان پہنچا اوراسلام کی طاقت وعظمت مجروح ہوئی۔ وہ مرکزاہلحدیث برنس روڈ پر فضائل ’’سیدناعثمان ؓ ‘‘ پرخصوصی خطاب کررہے تھے ۔ مولاناعبدالرحمن سلفی نے کہاکہ امیرالمومنین ومظلومین سیدناعثمان ؓ کی سخاوت و دولت اسلام کے لیے وقف تھی ، آپؓ کو خاتم النبین حضرت محمد ﷺ کی 2صاحبزادیوں سے نکاح کا شرف حاصل ہوا ،قرآن پاک کے لیے ان کی سعی وخدمات لائق تحسین ہیں۔ عثمان غنیؓ نرم مزاج، حلم، بردباری اورعجزوانکساری کانمونہ تھے۔ سیدنا حضرت عثمان غنی ؓ کی حیات طیبہ مسلمانو ں کے لیے مشعل راہ ہے ۔حکمرانوں کو اسوہ عثمانی کانمونہ اختیارکرناچاہیے۔۔