جماعت اسلامی کراچی سمیت سندھ بھر میں آج یوم سیاہ پر احتجاج کریگی

218

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر مقبوضہ کشمیر کی علیحدہ آئینی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدامات ، ایک سال کے طویل لاک ڈائون اور ریاستی جبر و تشدد کے خلاف آج آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں ’’یوم سیاہ ‘‘ کے سلسلے میں کراچی میں شام5بجے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی زیر قیادت بیت المکرم مسجد تا حسن اسکوائر گلشن اقبال ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی جائے گی ۔ ریلی میں بھارت کی مذمت اور کشمیری عوام سے بھر پور اظہار یکجہتی کیا جائے گا ، سیکرٹری جماعت اسلامی کراچی عبد الوہاب نے کراچی کے عوام سے اپیل کی ہے کہ ریلی میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شریک ہوں اور اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کریں ۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیر ی عوام کی تحریک آزادی تکمیل پاکستان کی جدو جہد ہے ۔ کشمیر کے بغیر پاکستا ن نا مکمل ہے اور ہر کشمیری کا نعرہ ہے کہ ’’کشمیر بنے گا پاکستان ‘‘۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ وادی میں فوجی طاقت کے زور پر اپنا تسلط برقرار رکھا ہے اور مسلسل اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے ۔ گزشتہ سال 5اگست کو بھارت نے یکطرفہ طور پر کشمیر کی علیحدہ آئینی حیثیت ختم کرنے کے لیے اپنے آئین میں ترمیم کر کے اس پر قبضہ کرنے کی جانب قدم بڑھایا ہے جسے کشمیری عوام نے مسترد کردیا ہے اور ان اقدامات کے خلاف احتجاج کی ایک نئی لہر پیدا ہوئی ہے جسے دبانے کے لیے بھارتی حکومت نے مقبوضہ وادی میں مسلسل لاک ڈائون لگا رکھا ہے ۔ ان حالات میں ضروری ہے کہ قومی اتحاد اوریکجہتی کا بھرپور اظہار کیا جائے اور کشمیریوں کو یقین دلایا جائے کہ وہ تنہا نہیں ہیں پوری قوم ان کے ساتھ ہے ، عالمی برادری کومقبوضہ کشمیر کی حالیہ سنگین صورتحال سے آگاہ کیا جائے اورعالمی سطح پر بھارت کے ظالمانہ اقدامات اور عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں کو اُجاگر کیا جائے ۔ کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ بھارت نے مظلوم کشمیری عوام کو ایک سال سے قید خانے میں بند کیا ہوا ہے۔عالمی ضمیروحقوق انسانی کے اداروں کے خاموش تماشائی کرداراورحکومت پاکستان کی بے حسی افسوس ناک ہے۔ امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی اپیل پرآج کراچی سمیت سندھ بھر میں یوم سیاہ کے سلسلے میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔انہوں نے کشمیرپربھارتی مظالم اورلاک ڈائون کو ایک سال مکمل ہوجانے پرجاری اپنے بیان میں عوام سے اپیل کی کہ وہ یوم سیاہ کے سلسلے میں ہونے والے اجتماعات میں بھرپور شرکت کرکے بھارتی مظالم کے خلاف اوراپنے مظلوم کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کریں۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے5اگست 2019ء سے آج تک بدترین لاک ڈائون، کشمیر پر غاصبانہ قبضہ اورانسانیت سوزمظالم کرکے جنت نظیروادی کو جہنم بنادیا ہے مگرکشمیری عوام کی جدوجہد اورشہداء کا خون ضرورایک دن رنگ لائے گا اورکشمیرپرآزادی کا سورج طلوع ہوکر رہے گا۔