مراد علی شاہ کی گلستان جوہر اور نیپا اسپتال جون تک فعال کرنے کی ہدایت

507
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ محکمہ صحت کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بدھ کو وزیراعلیٰ ہاؤس میںکورونا وائرس سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محکمہ صحت کو ہدایت کی ہے کہ گلستان جوہر کراچی میں50 بستروں پر مشتمل اسپتال اور200 بستروں پر مشتمل انفیکشن ڈیزیز کنٹرول اسپتال نیپا کو جون 2020 تک فعال کرنے کے ساتھ 500 مانیٹر اور200 ونٹی لیٹرز کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو ، چیف سیکرٹری ممتاز شاہ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکرٹری ساجد جمال ابڑوو دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ سید مراد علی شاہ کو بتایا گیا کہ شہر میں10مختلف اسپتالوں میں131بستروں پر مشتمل آئی سی یوز اور174 بستروں پر مشتمل ایچ ڈی یوز قائم کیے گئے ہیں‘ صوبے کے 21 اسپتالوں میں موجود آئی سی یوز ، ایچ ڈی یوز اور آئسولیشن بیڈز کی گنجائش بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ کراچی میں سول اسپتال، ٹراما سینٹر، اوجھا، جے پی ایم سی، لیاری، سروسز اسپتال، انڈس، این آئی سی ایچ، ایس آئی یو ٹی، اے کے یو، ضیا الدین، ایل یو ایچ حیدرآباد، پی ایم سی شہید بینظیر آباد، سول اسپتال خیرپور، جی آئی ایم ایس گمبٹ، جی ایم ایم سی سکھر، سی ایم سی لاڑکانہ، ایس اے ایس آئی ایم سہون، ڈی ایچ کیو کوٹری، انڈس اسپتال بدین ، جے آئی ایم ایس جیکب آباد شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ سول اسپتال کراچی کو30 مانیٹر،6 نئے وینٹی لیٹرز فراہم کیے گئے ہیں‘ میڈیکل1 & 2 وارڈز اور سرجیکل1اور2 وارڈز میں پائپڈ آکسیجن پر کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ کراچی یونیورسٹی کے سامنے واقع50 بستروں پر مشتمل اسپتال گلستان جوہر استعمال کے لیے تیار ہے‘ فی الحال آکسیجن پائپ لائنز بچھائی جا رہی ہیں اور اس ہفتے کے آخر تک کام مکمل ہوجائے گا۔ محکمہ صحت کی سفارشات پر وزیر اعلیٰ سندھ نے اے بی جی مشین ، بی آئی پی اے پی مشینیں، 4 وینٹی لیٹرز اور دیگر طبی آلات کی خریداری کے لیے95.7 ملین روپے کی منظوری دی۔ وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ 200 بستروں پر مشتمل انفیکشن ڈیزیز کنٹرول اسپتال نیپا کو ہائی فلو آکسیجن اور انتہائی نگہداشت یونٹ کی سہولت کے ساتھ ترقی دی جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ موجودہ سہولیات کو اپ گریڈ کرنے کے لیے آلات کی خریداری کے لیے2 ارب 7 کروڑ روپے جاری کردیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے کورونا وائرس کے حوالے سے بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ24 گھنٹے میں2177 ٹیسٹ کیے گئے جس کے نتیجے میں699 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور صوبے میں 6مزید اموات ہوئی ہیں‘وبا کے باعث اب تک صوبے میں اموات کی تعداد 380ہوگئی ہے‘ صوبے کے699 نئے کیسز میں سے 559کراچی کے ہیں‘ بدھ کو مزید755مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے ‘ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد9270 ہوگئی ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر اپنائیں کیونکہ آپ کا تعاون ہی کورونا سے نجات کا ضامن ہے۔