وزیراعلیٰ سندھ کی ٹیسٹ منفی آنے والے زائرین کو گھر بھیجنے کی ہدایت

215

کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سکھر میں موجود ان زائرین کو اپنے اپنے گھروں کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جن کا کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آیا ہے اور پہلے مرحلے میں640 افراد کو بھیجا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ جن زائرین کا ٹیسٹ منفی آگیا ہے ان کو واپس گھروں کو بھیج دیا جائے اور ان کی ہدایت پر 640 زائرین گھروں کو روانہ ہو رہے ہیں۔ زائرین کو واپس بھیجنے کے لیے خصوصی بسوں کے انتظام کی ہدایت کی گئی ہے جو کراچی، سکھر، مٹیاری، حیدر آباد اور سندھ کے دیگر شہروں کو جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے حکام سے کہا کہ متعلقہ اضلاع کے ڈی سی کو ہدایت کریں کہ وہ ان زائرین کا استقبال کریں۔ سندھ حکومت نے گھروں کو بھیجے جانے والے زائرین کو ایک گائیڈ لائن دی ہے جس کے مطابق وہ گھروں میں رہیں گے اور چند دن باہر نہیں نکلیں گے۔ حکام کے مطابق ان زائرین کے ٹیسٹ دو،دو مرتبہ کیے گئے ہیں اور دونوں مرتبہ منفی آئے ہیں۔گھروں کو جانے والے زائرین کے فون نمبر اور پتا سمیت تمام ضروری معلومات رجسٹرڈ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ اگلے 10 دن تک ان سے صحت کے حوالے سے معلومات لی جاتی رہیں۔ مراد علی شاہ نے گھروں کو جانے والے زائرین کو مبارک باد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ مجھے امید ہے کہ آپ اپنے اہل خانہ کے ساتھ صحت مند زندگی گزاریں گے۔