کورونا وائرس سے متعلق پارلیمانی کمیٹی قائم نہ ہوسکی

76

اسلام آباد (صباح نیوز) کورونا وائرس کے حوالے سے غیر معمولی صورتحال کے باوجود متعلقہ پارلیمانی کمیٹی قائم نہ ہوسکی‘ کمیٹی کے قیام کا فیصلہ5 روز قبل کیا گیا تھا تاحال نامزدگیاں ہی مکمل نہیں ہوسکیں‘ ملک میں کورونا وبا کے حوالے سے وفاق اور صوبوں میں تیزی سے اقدامات جاری ہیں‘ ہنگامی طور پر صورتحال سے نمٹنے کے لیے مسلسل ان اقدامات کی نگرانی کی جا رہی ہے‘ فوج طلب کرلی گئی ہے‘ وفاقی حکومت کی طرف سے صوبوں کو ساتھ لے کر چلنے کے حوالے سے بھی تاحال کوئی اہم فیصلہ نہیں کیا جاسکا ہے۔ بعض حلقوں کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس، مشترکہ مفادات کونسل کے وڈیو لنک اجلاس کی تجاویز بھی سامنے آئی ہیں‘ ان میں بھی تاحال پیش رفت نہیں ہوسکی۔ غیر ملکی امداد پر چلنے والی بڑی بڑی تنظیمیں بھی فیلڈ میں آنے کے لیے تیار نظر نہیں آرہی ہیں۔ سیاسی و عوامی حلقوں نے اظہار تشویش کرتے ہوئے کہاہے کہ پارلیمانی کمیٹی کو موجودہ سنگین صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے اعلان کے 24 گھنٹے میں قائم ہوجانا چاہیے تھا۔