کورونا اللہ کی تنبیہ ہے،سپر پاور بھی بے بس ہیں،چودھری شجاعت

139

لاہور (آن لائن) مسلم لیگ (ق)کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ کورونا وائرس اللہ تعالیٰ کی طرف سے چھوٹی سی وارننگ ہے، اللہ تعالیٰ کے اس عذاب کے سامنے انسان کے بنائے ہوئے ایٹم بم، میزائل جن سے دنیا ڈرتی ہے اور سپرپاور سب اس کے سامنے بے بس ہیں، اللہ تعالیٰ کے اس عذاب نے ثابت کر دیا ہے کہ کسی ہتھیار کے بغیر بھی دنیا ختم کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر اقدامات کے ساتھ ساتھ سب سے ضروری ہے کہ ہم اللہ تعالیٰ سے معافی مانگیں اور تمام مکتب فکر کو اس معاملے میں یکجا ہونا ضروری ہے،پوری دنیا خاص طور پر مسلمانوں سے اپیل کرنی چاہیے کہ وہ راہِ راست پر آ جائیں اور بھول جائیں کہ کسی سپرپاور کا کوئی ایٹم بم یا میزائل انہیں کورونا سے بچا سکتا ہے،لوگوں نے اپنے اعمال ٹھیک نہ کیے تو حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں، اب دنیا کا ہر ملک جزوی طور پر لاک ڈائون کی حالت میں آ گیا ہے، ابھی بھی وقت ہے کہ سب اپنے آپ کو ٹھیک کریں اور توبہ استغفار کریں بے شک اللہ کریم معاف کرنے والا ہے۔