اللہ کے نظام کا نفاذ سب سے بڑی سعادت ہے، حافظ نعیم

490

کراچی(اسٹاف رپورٹر)دنیا میں ہر چیز غیر یقینی لیکن موت سو فیصد یقینی ہے ، رخصت ہونے والا ہر شخص یہ پیغام دے کر جاتا ہے کہ زندگی ایک امتحان ہے ، موت کا وقت کسی بھی آسکتا ہے ، اس لیے ہر وقت دل و دماغ میں موت کی تیاری اور جواب دہی کے احساس کو تازہ رکھنے کی ضرورت ہے ۔ انسان کی سب سے بڑی خوش نصیبی ہے کہ وہ اپنے اوقات ، توانائی ، صلاحیت کو اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کو نافذ کرنے میں گزارے ۔ ان خیالات کا اظہارامیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ضلع غربی کے دیرینہ رکن اور جماعت اسلامی کراچی کے شعبہ نشرو اشاعت کے معاون خبر نگار بلال صدیقی کے والد محمد یوسف صدیقی کے ایصال ِ ثواب کے سلسلے میں درسِ قرآن میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ محمد یوسف صدیقی صرف رکن جماعت نہیں جماعت اسلامی کا اثاثہ بھی تھے ۔مرحوم نے پوری زندگی خدا کی زمین پر خدا کے نظام کو نافذ کرنے کی جدو جہد میں گزاری اور دوسروں کے لیے ایک مثال قائم کی ، انہوں نے کہا کہ دنیا کی زندگی جتنی بھی آرام و آسائش سے بھر پور ہولیکن ایک دن ختم ہو جائے گی، اس لیے دنیا کی زندگی کو مثبت کاموںمیںاستعمال کرناچاہیے۔