اسلامی نظام کیلیے باکردار لوگوں کو منتخب کرناہوگاٗرخشندہ منیب

101

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی حلقہ خواتین صوبہ سندھ کی نائب ناظمہ رخشندہ منیب نے کہا ہے کہ اسلامی نظام کے قیام کے لیے ہمیں باکردار لوگوں کو منتخب کرناہوگا، اعلیٰ اخلاق اوربے داغ کردار کے لوگ صادق و امین ہوتے ہیں جو اپنے وعدوں کو پورا کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع ائرپورٹ سعدی ٹاؤن میں جلسہ سیرت النبیؐ سے خطاب کرتے ہوئے کیاانہوں نے کہا کہ ہجرتِ مدینہ کے وقت بہت تھوڑے مسلمان آپؐکے ساتھ تھے لیکن صرف 10سال کے قلیل عرصے میں مسلمانوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر چکی تھی، دعوت، تربیت، اجتماعیت اور اقتدار کے ذریعے ریاستِ مدینہ قائم ہو چکی تھی اور دین مکمل ہو گیا، آپؐ نے حجتہ الوداع کے موقع پر اسلام کا منشور دنیا کو دیا، جاہلیت کے طور طریقوں کا خاتمہ کیا، مسلمانوں کی عزت، خون اور مال ایک دوسرے پر حرام قرار دیے، سود کا خاتمہ کیا، عورتوں اور غلاموں پر رحم کی تلقین کی اور قرآن وسنت پر عمل کرنے کی تاکید کی۔ انہوں نے کہاکہ استعمار کا ایجنڈا ہے کہ کسی بھی مسلم ملک میں کوئی ایسا حکمران نہیں آنا چاہیے جو قرآن پر عمل پیرا ہو اور اسلامی نظام کو نافذ کرے جبکہ ایک پرامن اور خوشحال اسلامی ریاست ہی دنیا میں اسلام کے فروغ کا باعث ہوتی ہے۔