شکست خوردہ ٹولے کو ملازمین کی ترقیاں اور مراعات کا ملنا ہضم نہیں ہورہا

199

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)نام نہاد شکست خوردہ ٹولے کو حیسکو (واپڈا) کے ملازمین کی ترقیاں اور دیگر جائز مراعاتوں کا ملنا ہضم نہیں ہوتا وہ خود سوائے جھوٹی اور جعلی درخواستوں میں اپنی صلاحیتوں کا استعمال کرنے کے کچھ نہیں کرتے بلکہ ڈیڑھ لاکھ نمائندہ سی بی اے یونین کے خلاف مزدور دشمنی کو وتیرہ بنایا ہوا ہے ۔سی بی اے یونین کی جانب سے ڈویژنل اکائونٹس آفیسر حیسکو کو دلائے گئے حالیہ آپ گریڈیشن اسکیل BPS-17 کے احکامات پر بے سروپہ واویلہ کھسیانی بلی کھمبہ نوچے کے مترادف ہے ۔ان خیالات کا اظہار آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کے ڈویژنل اکائونٹس آفیسر حیسکو کے عہدیداران محمد علی ، عبدالمقتدر کوریجو ، فیروز جعفری، نعمان احمد، مجاہد علی، سید عشرت علی، وکیل احمد نظامانی، راجہ سلیم اور شکیل احمد خان نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ مسلسل چھ ریفرنڈموں میں ملازمین کے ہاتھوں عبرت ناک اور ضمانتیں ضبط کرانے والے عناصر سی بی اے یونین کی جانب سے دلائی گئی ہر مراعات پر یہ خوش ہونے اور سراہنے کے بجائے اس میں کیڑے نکالنے میں مگن رہتے ہیں لیکن جب سی بی اے یونین کی جانب سے سالانہ بونس، تنخواہوں و پینشن میں اضافے اور دیگر مراعات دلائی جاتی ہیں تو یہ منافق ٹولہ اسوقت شورمچانے کے بجائے اسکے حصول میں پیش پیش ہوتا ہے لیکن جہاں صرف ملازمین کے مفاد کی بات ہو اور یہ ٹولہ اس سے سرفراز نہ ہورہا ہو تو ان کا ملازمین سے بغض اور اپنی ناکامیوں کا بدلہ لینے کیلئے بے سروپہ اخباری بیانات جاری کرکے ظاہر کردیتے ہیں۔ ان کی ان ہی منافقانہ حرکتوں کے باعث واپڈا کے ڈیڑھ لاکھ ملازمین انہیں مسلسل نظر انداز اور عبرت ناک شکستوں سے ہمکنار کرتے چلے آرہے ہیں لیکن یہ پھر بھی اپنی سوچوں کو مثبت رخ نہیں دے رہے اگر یہ ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے کچھ محنت کرلیتے تو شاید کسی جگہ اپنا مقام بنالیتے ۔ وریں اثناء ہائیڈرویونین کے دیگر ریجنل، زونل ، ڈویژنل اور سب ڈویژن عہدیداران نے بھی پیغامی ٹولے کی جانب سے ڈویژنل اکائونٹس آفیسر حیسکو کو اسکیل BPS-17 دلانے کے خلاف پیغامی ٹولے کے کردار کی سخت الفاظوں میں مذمت کرتے ہوئے انہیں مزدور کش اور دشمنانِ محنت کش قرار دیا ہے جو اپنے ہی محنت کشوں کے خلاف مسلسل مصروف عمل ہیں۔