کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلیے بچوں کی واک ،حافظ نعیم ودیگر کا خطاب

427
کراچی: کشمیر یوںسے اظہار یکجہتی کیلیے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی قیاد ت میں ریلی نکالی جارہی ہے
کراچی: کشمیر یوںسے اظہار یکجہتی کیلیے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی قیاد ت میں ریلی نکالی جارہی ہے

کراچی(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر 25 روزسے جنگ زدہ علاقہ بنا ہوا ہے ،حکمران ہوش کے ناخن لیں، مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے دوٹوک فیصلہ کریں،اب وقت آگیا ہے کہ کشمیر کی آزادی کے لیے باقاعدہ جہاد کا اعلان کیا جائے ، اگر پاکستانی فوج کشمیر میں داخل ہو گی تو ان شاء اللہ ہم آزاد کشمیر کی طرح مقبوضہ کشمیر بھی حاصل کرلیں گے، مودی مقبوضہ کشمیر کے بعد آزاد کشمیر پر بھی حملہ کرنا چاہتا ہے ، حکومت اور فوج نے کوئی عملی قدم نہ اٹھایا تو دنیا ان کی کسی بات کو اہمیت نہیں دے گی،’’آزادی کشمیر مارچ ‘‘ کشمیریوں کے حوصلے بلند کرے گا ، کشمیریوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے، ’’کشمیر فری چلڈرن واک ‘‘میں شریک ہر بچہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے موجود ہے ، یہ طلبہ حکمرانوں کو غیرت دلانا چاہتے ہیں کہ قوم کابچہ بچہ کشمیریوں کے لیے لڑنے کو تیار ہے اورپاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے ، دنیا بھر میں کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے احتجاج ہو رہا ہے ، مسلم ممالک میں مسلم حکمران اپنے عوام کو کشمیر سے یکجہتی کے لیے احتجاج سے روک رہے ہیں ،کشمیر سے ہمارا رشتہ دین کا ہے ،کشمیری نہ صرف اپنے حقوق کی جنگ بلکہ وہ پاکستان کی بقا کی جنگ بھی لڑ رہے ہیں،کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، پاکستانی عوام کی حمایت کشمیریوں کے حوصلے بلند کرتی ہے ، کشمیریوں نے لازوال قربانیوں اور جدوجہد کی نئی تاریخ رقم کی ہے وہ گھروں سے نکلے ہوئے ہیں ۔ان خیالات کااظہار انہوںنے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور ’’آزادی کشمیر مارچ ‘‘کے سلسلے میں ماڑی پور روڈ پر غلامان عباس اسکول سمیت مختلف نجی اسکولوں کے بچوں کی ’’کشمیر فری چلڈرن واک ‘‘سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرجماعت اسلامی لیاری کے ناظم سید طاہر اکبر ،سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ،مختلف اسکولوں کے اساتذہ ،سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنمااور دیگر بھی موجود تھے ۔ واک میں بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، بھارت اور مودی کے خلاف پرجوش نعرے بھی لگائے،جس میں ’’کشمیر بنے گا پاکستان ، کشمیریوں سے رشتہ کیالاالہ ا لا اللہ ، لے کر رہیں گے آزادی ‘‘شامل تھے۔ علاوہ ازیںآزادی کشمیر مارچ کے سلسلے میں لانڈھی ساڑھے3 الرازی چورنگی پر بھی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس سے امیر ضلع کورنگی عبد الجمیل ، ناظم علاقہ لانڈھی نعمان بیگ و دیگرنے بھی خطاب کیا۔قبل ازیں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے نماز جمعہ کے موقع پرائمہ و علماکرام نے اپنے خطابات میں کشمیر کی موجودہ صورتحال اور بھارت کی جانب سے جاری مظالم کے حوالے سے آگاہ کیا اور کشمیریوں کے حق میں دعائیں کی گئیں ،بعد ازاں شہر کی بیشتر مساجد کے باہر مظاہرے بھی کیے گئے جس سے امرائے اضلاع نے خطاب کیا ۔عبد الجمیل نے کہاکہ بھارت کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھا رہاہے، بھارتی درندوں نے گزشتہ 25 روز سے کرفیو نافذ کرکے شہریوں کو گھروں میں قید کردیا ہے اور بدترین جبر و تشدد جاری ہے ،خواتین کی بے حرمتی اور آبروریزی کی جارہی ہے ، شہری خوراک، ادویات نہ ہونے کی وجہ سے سخت مشکلات سے دوچار ہیں اور ان کی زندگیوں کو سخت خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام کو ظلم وجبر کے ذریعے ہر گز غلام نہیں بنایا جاسکتا، کشمیری اپنے خون سے آزادی کی تاریخ رقم کر رہے ہیں ، ان کی آزادی کی جدوجہد رائیگاں نہیں جائے گی، وہ دن دور نہیں جب بھارت اور آر ایس ایس کے غندے کشمیریوں کے جذبہ حریت کے آگے گھٹنے ٹیک دیں گے ۔
حافظ نعیم الرحمن