بلدیہ میں طلبہ کی یکجہتی کشمیر واک 100 فٹ طویل کشمیر ی جھنڈا لہرایا گیا

624
بلدیہ ٹائون میں طلبہ 100فٹ پرچم تھامے کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے واک کررہے ہیں
بلدیہ ٹائون میں طلبہ 100فٹ پرچم تھامے کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے واک کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کے تحت بلدیہ ٹائون میں اسکولز کے طلبہ کی یکجہتی کشمیر واک منعقد کی گئی ، طلبہ نے 100فٹ طویل کشمیر کا جھنڈا لہرادیا ۔ بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیریوں کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔ بارش کے باوجود سیکڑوں بچوں نے مارچ میں شرکت کی۔امیر جماعت اسلامی ضلع غربی محمد اسحاق خان ،عثمان اعوان تاجر رہنمائوں اساتذہ اور اہل علاقہ نے مارچ میں شریک ہوکر طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔ محمد اسحاق خان نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور شہ رگ کی خاطر ملک کے بچے بوڑھے اور جوان ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔اقوام عالم کی بے حسی اور مجرمانہ خاموشی بھارت کی حمایت کے مترادف ہے۔قابض بھارتی فوج نے پورے کشمیر کی عقوبت خانے میں تبدیل کردیا ہے ۔اہل کراچی یکم ستمبر کو شاہراہ فیصل پر نکل کر کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کریں۔اس موقع عثمان اعوان ،قمر حیات اور حکیم عمرانی نے خطاب کیا۔مارچ میں بلدیہ ٹائون کے 15سے زائد اسکولوں کے سیکڑوں طلبہ نے شرکت کی ۔