سلیکٹڈ وزیراعظم کو تقسیم کشمیر کی سازش نہیں کرنے دیں گے، نفیسہ شاہ

387

عباس پور (صباح نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اور حریت کانفرنس کو دوٹوک الفاظ میں یقین دلانا چاہتی ہوں کہ تقسیم کشمیر کسی صورت میں قابل قبول نہیں ہے، سلیکٹڈ وزیراعظم کو کھلی چھٹی نہیں دیں گے کہ وہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو بالائے طاق رکھ کر تقسیم کشمیر کی سازشیں کریں، دنیا کی کسی طاقت کو مسئلہ کشمیر پر سودے بازی نہیں کرنے دیں گے، سلیکٹڈ وزیراعظم نے کشمیریوںکا مقدمہ لڑنے کا حق ادا نہیں کیا، غیر ملکی شخصیات کو ٹیلیفون کال گونگلوں سے مٹی جھاڑنے کے سوا کچھ نہیں، وزیر اعظم، وزیر خارجہ نازک وقت پر گھروں میں چھپ گئے ہیں، صدر، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کو بااثر عالمی رہنماؤں کے پاس جانا چاہیے تھا۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنے ایک بیان اور پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے صدر چودھری لطیف اکبر کے ساتھ عبا س پور کے دورے کے موقع پر کیا جہاں انہوں نے ایل او سی پر شہید ہونے والوں کے ورثا سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی عیادت کی اور ایل او سی کے متاثرین اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے صدر چودھری لطیف اکبر نے کہا کہ کشمیری عوام بھارت کو عبرت ناک شکست دینے کیلیے تیار ہیں۔ ہم تقسیم کشمیر کی کسی بھی سازش کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے وزیراعظم آزاد کشمیر اپنا بیرون ملک دورہ منسوخ کرکے فوری طور پر آزاد کشمیر آئیں اور سیز فائر لائن توڑنے کا اعلان کریں۔ ہم کچھ دِن کیلیے وزیراعظم کا انتظار کر رہے ہیں اگر وہ دورہ منسوخ کرکے واپس نہ آئے تو پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر لائن آف کنٹرول توڑنے کی بہت جلد کال دے گی۔ اس موقع پر چودھری لطیف اکبر نے عباس پور کے عوامی اجتماع کے شرکا سے پوچھا کہ لائن آف کنٹرول توڑنے کیلیے تیار ہیں۔ تو عباس پور کے عوام نے دونوں ہاتھ کھڑے کرکے کہا کہ ہم آپ کی کال کا انتظار کریں گے۔