وزیراعظم کا خروفروخت شناختی کارڈ کی شرائط ختم کرنے سے انکار

217

کراچی (نمائندہ جسارت)وزیراعظم عمران خان نے خرید و فروخت پر شناختی کارڈ کی شرط ختم کرنے سے انکار کردیا۔کراچی میں تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کہا کہ اب کاروبار پرانے طریقے سے نہیں چلے گا، یہ زیادتی ہے کہ50 ہزار سے بڑی خریداری پر شناختی کارڈ نہ دیا جائے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ تاجر برادری معیشت کا اہم حصہ ہے اسے ساتھ لے کر چلیں گے، حکومت آپ کے لیے آسانیاں پیدا کرنا چاہتی ہے، مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالیں گے، معیشت کی بحالی اور استحکام کے لیے تمام فریقوں کو ساتھ دینا ہوگا،ترکی کی طرح پاکستان کو ترقی دینا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نے کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جاری منصوبوں کے لیے وفاق اپنا تعاون جاری رکھے گا، کاروباری برادری پارٹنر بن کر حکومت کے ساتھ کام کرے، ہماری اولین ترجیح غربت کا خاتمہ اور معاشی عمل کو تیز کرنا ہے جس میں آپ کی مدد چاہیے۔مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے بھی تاجروں کو مراعات دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ تاجر صنعت کار شناختی کارڈ دینے سے کیوں گریز کررہے ہیں، ٹیکس سب کو دینا ہے اس پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔ملاقات کے بعد صنعت کاروں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملاقات کو مایوس کن اور بے سود قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی بات پر اتفاق نہیں ہوا، وزیر اعظم نے ہماری باتیں سنیں لیکن مسائل کے حل کے لیے کوئی فیصلہ نہیں ہوا، وزیر اعظم صنعتوں کے مسائل حل کرنے کے بجائے احتساب کی باتیں کرتے رہے۔
وزیراعظم