کینسرکاعلاج کرنے والے اسپتالوں کوسبسڈی دینے کافیصلہ

251

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کینسر کے مریضوں کا علاج بہت زیادہ مہنگا اور غریب مریضوں کی استطاعت سے باہر ہے، لہٰذا ان کی حکومت سرکاری سطح پر کینسر کے علاج کے حوالے سے سہولیات کے قیام کے لیے کوشاں ہے اور ویلفیئر اداروں کے طورپر چلنے والے اسپتالوں میں علاج معالجے کے اخراجات کو سبسڈائز بھی کرے گی۔انہوں نے یہ بات منگل کو کینسر فائونڈیشن کے وفدجس کی سربراہی چیئرمین مقصود انصاری کررہے تھے، سے باتیں کرتے ہوئے کہی۔ وفد کے دیگر اراکین میں انجینئر حاجی ناظم ، سرجن عابد جمال شامل تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکرٹری ساجد جمال ابڑو اور سیکرٹری صحت سعید اعوان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ کو اس موقع پر آگاہی دی گئی کہ کراچی میں 40 ریڈیئیشن مشینز کی منظوری دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت مخیر حضرات کے ذریعے ریڈیئیشن مشین خریدنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت مددکرے گی تاکہ 12 لاکھ خرچے والی کینسر کے مریضوں کا علاج سبسڈائز کرکے 2 لاکھ تک ہوجائے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بی ایم ٹی مشین کی تنصیب غریب مریضوں کے لیے اچھا اقدام ہے، مشین زبردست سروس دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جس طرح دل کے علاج کے لیے بہتر کام کیا ہے اس طرح کینسر کے مریضوں کیلیے بھی کرنا چاہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے سیکرٹری صحت، کینسر فائونڈیشن کے چیئرمین کو ہدایت دی کہ سیکرٹری فنانس کے ساتھ میٹنگ کر کے مالی مدد کو یقینی بنایا جائے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم مالی مشکلات کا شکار ہیں لیکن انسانیت کی خدمت کیلیے بھرپور اقدامات اٹھائیں گے۔