عالمی امن کیلیے مسئلہ کشمیر ‘فلسطین کاحل ناگزیرہے‘صاحبزادہ ابوالخیر

194

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) جمعیت علما پاکستان (نورانی ) کے سربراہ ڈاکٹرصاحبزادہ ابوالخیرمحمدزبیرنے نے کہاکہ فلسطین اور کشمیر کامسئلہ حل کیے بغیردنیامیں امن کی بات لاحاصل ہے،اسرائیل اوربھارت امریکاکی چھتری تلے انسانیت کی تذلیل کررہے ہیں، جبکہ شام ، لیبیا،یمن اوردیگر خطوں میں مسلمانوں کا قتل عام ہو رہا ہے۔ انہوں نے متنبہ کیاکہ ایران پر حملہ عالمی امن کو تہہ و بالاکردے گا،بڑی طاقتیں دانشمندانہ فیصلے کریں اور مسلمانوں کے جان ومال سے کھلواڑ بندکریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خالقدیناہال کراچی میں نورانی ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی استعمار اسلام دشمنی سے بازآجائے، فلسطین وکشمیر کامسئلہ حل اور شام و لیبیا میں امن بحال کیا جائے، آئی ایم ایف زدہ حکمرانوں نے پاکستان کی معیشت کو تباہ کر دیا ہے، اپوزیشن بھان متی کا کنبہ ہے، کراچی کاانفرااسٹراکچر تباہ ہوچکاہے، نوجوانوں کو احساس محرومی کا شکارنہیں ہونے دیں گے،کراچی کو اس کا حق دلوائیں گے، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی دونوں کھوٹے سکے کے دورخ ہیں ‘اب ملک میں صرف نظام مصطفیٰﷺ کی بات ہوگی۔ مفتی محمدجان نعیمی نے کہاکہ ہم علامہ شاہ احمدنورانیؒ کے تربیت یافتہ ہیں،جو ساری زندگی نہ جھکنے ،نہ بکنے اور نہ اسٹیبلشمنٹ کی ریشہ دوانیوں کا شکار ہوئے۔ سندھ باالخصوص کراچی کے حقوق وہی قیادت دلواسکتی ہے جو بے داغ ہواور جس کے دل میں اللہ اور اس کے رسول ﷺ کا خوف ہو۔