سری لنکن صدر کا استعفا اسپیکر کو موصول، عوام کا جشن

325

کولمبو: سری لنکا کے صدر گوٹابایا راجا پاکسے نے اسپیکر کو اپنا استعفیٰ بھجوا دیا ہے، جس کی اطلاع پاتے ہی عوام نے جشن منانا شروع کردیا۔

غیر ملکی خبررساں اداروں کے مطابق سری لنکن اسپیکر دفتر نے تصدیق کر دی ہے کہ پارلیمنٹ کے اسپیکرکو صدر راجا پاکسے کا استعفیٰ موصول ہوگیا ہے۔

یاد رہے کہ سری لنکا میں بدترین معاشی بحران کے بعد حکومت کے خلاف عوامی احتجاج کے دوران مظاہرین نے صدارتی محل پر دھاوا بول دیا تھا اور صدر اور وزیراعظم کے مستعفی ہونے تک صدارتی محل کا قبضہ نہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد سری لنکن صدر ملک سے فرار ہو کر مالدیپ چلے گئے تھے۔

سری لنکن اسپیکر آفس نے تصدیق کر دی ہے کہ سری لنکا کے صدر نے اپنا استعفیٰ اسپیکر کو بھجوا دیا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق سری لنکن صدر اس وقت سنگاپور میں ہیں۔دوسری جانب غیرملکی میڈیا کے مطابق صدر کے استعفے کی خبرسن کر ہزاروں مظاہرین نے جشن منایا۔