نیشنل لیبر فیڈریشن کا حق دو گوادر مہم کی بھرپور حمایت کا اعلان

203

کراچی(اسٹاف رپورٹر) نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمان سواتی نے حق دو گوادر مہم کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ این ایل ایف گوادر کے مظلوم ماہی گیروں ودیگر محنت کشوں کی تحریک میں ان کے ساتھ ہے اور گوادر کے محنت کشوں کے شانہ بشانہ جدوجہد کریںگے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا ہدایت اللہ بلوچ گوادر کے مظلوم عوام کی آواز بن چکے ہیں اورانہوں نے جرأت مندی اور دلیری کے ساتھ گوادر کامقدمہ لڑا ہے۔سیکورٹی ادارے بھی گوادر کے رہائشیوں کے ساتھ برادرانہ رویہ اختیار کریں اور گوادر کے عوام کے بنیادی مسائل حل کیے جائیں۔گوادر کے سمندر میں مقامی ماہی گیروں کو بھی شکار کی اجازت دی جائے اور کسی بھی قسم کی کوئی رکاوٹ قائم نہ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان مولانا ہدایت اللہ کے تمام مطالبات کو منظور کرے اور ان کی تمام شکایات دور کی جائیں۔نیشنل لیبر فیڈریشن گوادر کے عوام کے ساتھ ہے اور ہم پورے ملک میں گوادر کے مظلوم لوگوں کیلیے آواز اٹھائیں گے اور کسی قسم کا ظلم برداشت نہیں کیا جائے گی۔