صوبائی الیکشن کمشنروں کو بلدیاتی انتخابات کو یقینی بنانے کے احکامات

220

اسلام آباد(اے پی پی):الیکشن کمیشن نے صوبہ بلوچستان ، سندھ اور وفاقی دا رالحکومت کی بلدیاتی حکومتوں کے انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے صوبائی الیکشن کمشنروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر چیف سیکرٹریزمتعلقہ اداروں سے رابطہ کریں تاکہ صوبوں میں بلدیاتی حکومتوں کے انتخابات کے لیے فوری حلقہ بندی کا کام شروع کیا جائے ۔ الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں اراکین الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن اور متعلقہ افسران شریک ہوئے ۔ چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز نے بھی وڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن کو صوبہ خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع میں ہونے والے کونسلوں کے انتخابات کے انعقاد اور انتظام پر بریفنگ دی گئی ۔ الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسروں، اسسٹنٹ ریٹرننگ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے ۔ الیکشن کی ضروری تربیت کے حوالے سے لیڈٹرینرز کی ٹرنینگ الیکشن اکیڈمی میں مکمل ہو چکی ہے جبکہ ریٹرننگ افسروں اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسروں کی ٹرنینگ 29اکتوبر 2021ء تک مکمل کر لی جائے گی۔