حیدرآباد، پولیس موٹر سائیکلوں کی غیر قانونی پارکنگ ختم کرانے میں ناکام

291

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اورپولیس سندھ ہائی کورٹ کے گول بلڈنگ کے اطراف موٹرسائیکلوںکی غیرقانونی پارکنگ اورتجاوزات ختم کرنے کے پراحکامات پر عملدرآمد نہیں کراسکی،چند ایک رسمی کارروائیوں اورنوپارکنگ کے بورڈز آویزاں کرنے کے بعد عدالت عالیہ کے احکامات کو سردخانے کر دیا گیا ، اسٹیشن روڈاوررسالہ روڈ کی لنک گلیوں پر موٹر سائیکل شورومز مالکان کی غیرقانونی پارکنگ، ڈینٹرز ، پیٹرز،مکینوں کے سڑکوں پر قائم ورکشاپس کے باعث بدترین ٹریفک جام روز کا معمول بناہواہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال سندھ ہائی کورٹ نے گول بلڈنگ کے اطراف موٹرسائیکلوں کی غیرقانونی پارکنگ اورتجاوزات ختم کرانے کے احکامات دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنراورایس ایس پی کو عدالتی حکم پر عملدرآمدنہ کرنے کی صورت میں ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیاتھا عدالت عالیہ کے احکامات کے بعد ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اورپولیس کی جانب سے رسمی کارروائی کرتے ہوئے موٹرسائیکلوں کو عارضی طور پرہٹا دیاگیا، اور نوپارکنگ کے بورڈز آویزاں کرکے ان احکامات کو سردخانے کردیا،گول بلڈنگ کے اطراف تمام گلیوں دوپہرسے رات گئے تک سڑکوں کے درمیان موٹرسائیکلوں کھڑی کرکے خریدوفروخت کا کاروبار کیاجاتا ہے، اور اب گول بلڈنگ کے مرکزی دروزاے کے ساتھ رسالہ روڈ پر بھی غیرقانونی پارکنگ کرکے کاروبار کیاجارہا ہے جس سے علاقہ مکین خصوصاً خواتین،بچے اوربوڑھے افراد اپنے گھروں میں محصور ہوکررہ جاتے ہیں، ہنگامی حالات میں ایمبولینس ،فائربریگیڈ سمیت کوئی گاڑی علاقے میں داخل نہیں سکتی ہے، اسٹیشن روڈ اور رسالہ روڈ کی تمام لنک گلیوں میں موٹرسائیکل شورومز مالکان کی غیرقانونی پارکنگ ، مکینوں،ڈینٹرز،پینٹرز سڑکوں کے درمیان قائم ورکشاپس کے باعث سٹی کے مرکزی علاقے میں بدترین ٹریفک جام روز کا معمول بنا ہواہے، مذکورہ تمام صورتحال پرسٹی پولیس نے خاموشی اختیاررکھی ہے،شہریوں نے ڈویژنل کمشنرمحمد عباس بلوچ ، ڈپٹی کمشنر فواد غفار سومرو،ایس ایس پی ساجد امیر سندوزئی، اسسٹنٹ کمشنرسٹی مطاہر امین وٹو سے نوٹس لینے اورموٹرسائیکلوں کی سڑکوں کے درمیان غیرقانونی پارکنگ اورتجاوزات ختم کرانے کی اپیل کی ہے۔