اسلام آباد، نور مقدم طرز پر ایک اور خاتون بے دردی سے قتل

143

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی دارالحکومت میں نور مقدم طرز پر ایک اورخاتون کو بے دردی سے قتل کرکے ملزم نے رہائشی پلاٹ میں دفن کردیا۔ اسلام آباد پولیس نے اندھے قتل کا سراغ لگا کر ملزم خرم شہزاد کو بھی گرفتار کرلیا اور اس کی شناخت پر اسلام آباد کے نواحی علاقے شریف آباد سے نجمہ نامی خاتون کی مسخ شدہ لاش بھی برآمد کرلی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایف ایٹ کے پوش سیکٹر میں مارچ 2021ء کو خرم شہزاد نے نجمہ نامی خاتون کو بے رحمی سے قتل کرکے اسے اپنی گاڑی میں ڈالا اور شریف آباد میں لے جا کر لاش دفن کردی، لڑکی کے ورثاء کی طرف سے تھانہ مارگلہ میں خاتون کے اغوا کا مقدمہ درج کرایا گیا تھا لیکن ملزم نے گرفتاری کے بعد تمام راز اگل دیے۔ ابتدائی تفتیش میں ملزم کا کہنا ہے کہ نجمہ سے میری دوستی تھی اور میری بات نہ ماننے پر میں نے اس کو قتل کردیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ گلا دبا کر مارا گیا ہے لیکن پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد اصل حقائق سامنے آئیں گے۔