بلوچستان بد عنوانی و غربت کے باعث تباہی تک پہنچ گیا ، مولانا عبدالحق

228

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ بدترین مہنگائی، بدعنوانی، بھاری سودی قرضوں نے ملک وعوام کو تباہ کردیا، بدقسمتی سے اشرافیہ، بدعنوان، مسلط شدہ حکمران مالا مال ہورہے ہیں جبکہ غریب محب وطن عوام بدحال وپریشان رہتے ہیں، ہر طرف لوٹ مار بدعنوانی کا دور دورہ ہے، تین سال میں بجلی کی قیمتوں میں تین سو فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ معیشت تباہ حال ، عوام بے روزگار ہورہے ہیں۔ بلوچستان کی ترقی پر خرچ ہونے والی رقومات آپس کے اختلافات کے باعث واپس وفاق کی طرف جارہی ہیں جو حکمران واپوزیشن کی ناکامی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں غربت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ بلوچستان بے روزگاری، بدعنوانی وغربت کے حوالے سے تباہی تک پہنچ گیا ہے روزگار، ترقیاتی کام اور انصاف نہ ہونے کے برابر ہے۔ معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے ضروری ہے کہ 22 کروڑ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔ حکومت کے سارے اقدامات محض ڈنگ ٹپائو کے سوا کچھ نہیں۔ حکومت کے اپنے وزراء مہنگائی میں اضافے کا اعتراف کررہے ہیں۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ صوبائی حکومت کے پاس کسی بھی قسم کی کوئی با صلاحیت ٹیم ہے اورنہ ہی وفاق کے پاس جولمحہ فکر ہے۔ حکمرانوں نے وعدہ خلافی ،غلط بیانی کا ورلڈ ریکارڈ بنالیا وعدہ خلافی ،غلط بیانی کو یوٹرن کا نام دے دیا گیا ہے، کوئی ایک وعدہ بھی ایسا نہیں جو حکومت نے پور ا کیا ہو۔ تبدیلی نے ملک و قوم کا حلیہ بھی بگاڑ کر رکھ دیا ہے۔ حالات دن بدن بد سے بد تر ہوتے چلے جارہے ہیں ۔ بجٹ میں تنخواہوں اور پنشن میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے۔ سود کا خاتمہ کرکے ہی معیشت کو استحکام دیا جاسکتا ہے۔ اداروں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔