بچے کے اغواء اور قتل کے 2 ملزمان کو 2,2 مرتبہ سزائے موت

188

کراچی (اسٹاف رپورٹر)انسداد دہشت گردی عدالت نے 15 سالہ بچے کے اغواء اور قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے جرم ثابت ہونے پر 2 ملزمان کو 2,2 مرتبہ سزائے موت سنادی۔ملزمان میں قاری عبد المجید اور قاری احسن شامل ہیں، عدالت نے ملزمان کی جائیداد بھی ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔ مدعی مقدمہ کاکہناتھا کہ میرا بیٹا عبد المعیز 26 جون 2016ء کو گھر سے نکلا تھا مگر واپس نہیں آیا۔ملزمان نے میرے بیٹے کی رہائی کے لیے 7 لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا،ملزمان کو 4 لاکھ روپے تاوان کی رقم ادا کی گئی تھی سرکاری وکیل اقبال میو کا کہنا تھا کہ ملزمان نے مقتول کے بغدے سے ٹکڑے ٹکڑے کیے تھے،مقتول کا سر شاپر میں ڈال نیٹی جیٹی پل سے نیچے پھینک دیا تھا، لاش کے دیگر ٹکڑے گندے نالے میں ڈال دیے تھے، ملزمان کے خلاف بریگیڈ تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی عدالت نے سرجانی ٹاؤن میں پولیس مقابلے، قتل اور دہشتگردی کے الزامات ثابت ہونے پر ملزم کوثر عرف منا کو مجموعی طور پر 80 برس قید کی سزا سنادی جبکہ مجرم کو ساڑھے 4 لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا ،الزام تھا کہ گزشتہ سال مئی میں کنیز فاطمہ سوسائٹی کے قریب دوران ڈکیتی پولیس مقابلہ ہوا تھا،مقابلے میں ایک ملزم فیصل مارا گیا تھا جبکہ پولیس اہلکار محبوب شہید ہوا تھا۔