پانی، بجلی بحران: جے یو آئی 18 جون کو مظاہرہ کرے گی

112

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جے یو آئی نے 18 جون کوسندھ حکومت کے خلاف کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کرنے کافیصلہ کیاہے،یہ فیصلہ جامعہ مدنیہ اسلامیہ گلشن اقبال میں جمعیت علماء اسلام کی صوبائی مجلس عاملہ اور کراچی کے اضلاع کے امراء ونظما کے مشترکہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں شریک جے یو آئی رہنماؤں نے کہاکہ سندھ میں غاصب حکومتوں کیخلاف عوامی حقوق کیلیے تحریک کا آغاز کررہے ہیں، سندھ میں پانی اور بجلی کا بحران شدت اختیار کرچکا ہے،وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے عوام کی زندگی اجیرن کرنے پر اتفاق کر رکھا ہے،شہری پینے کے پانی کی بوند بوند کو ترس گئے اور بااثر لوگوں کی سرپرستی میں پانی مافیا عوام کو لوٹ رہا ہے،صوبائی اور وفاقی حکومتیں عوامی مسائل کے حل میں سنجیدہ نہیں،سندھ کے حقوق کیلیے جے یو آئی نے ہرتحریک میںہراول دستہ کا کردار ادا کیاہے۔اجلاس میں شہر قائد میں پانی اور بجلی کے سنگین بحران پر تشویش کا اظہار کیا گیا اورمشترکہ فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی قائد علامہ راشدمحمودسومرو کی ہدایت کے مطابق جے یو آئی کراچی کے تمام اضلاع 18 جون کو بعد نماز جمعہ کو سہ پہر 3 بجے کراچی پریس کلب پرمشترکہ احتجاجی مظاہرہ کریں گے،اسی دن سندھ بھر کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز پر احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔اجلاس میں مرکزی ترجمان اسلم غوری،صوبائی نائب امیر مولانا عبد الکریم عابد،مولانا امین اللہ ، ڈاکٹر نصیر سواتی، مولانا فتح اللہ، سمیع سواتی، مولانا احسان اللہ ٹکروی، مولانا نورالحق، مولانا عبد الرشید نعمانی ،مولانا زرین شاہ، قاری نورالامین ودیگر شریک ہوئے۔