جیکب آباد سمیت دیگر علاقوں میں اسٹریٹ کرائم روز کا معمول ہیں

242

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جے یو آئی کی جانب سے بڑھتی ہوئی بے امنی کیخلاف ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری کی قیادت میں مظاہرہ، مارچ اور دھرنا، ضلع بھر میں احتجاج کا اعلان۔ جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے بڑھتی ہوئی بے امنی کیخلاف جے یو آئی کے ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، ضلعی جنرل سیکرٹری سید عبدالباسط شاہ، حاجی محمد عباس بنگلانی، مولانا عبدالجبار رند، مولانا محمد امین پہوڑ، مولانا تاج محمد بھٹی، خلیل الرحمن سرکی، ساحل کھوسو، قاری محمد حنیف برڑو اور دیگر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے شہر کے مختلف راستوں کا گشت کیا اور امروٹی چوک پر دھرنا دیا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ ٹھل، جیکب آباد، گڑہی خیرو اور دیگر علاقوں میں بے امنی کا راج ہے، جس سے عوام کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں۔ اسٹریٹ کرائم روزانہ کا معمول ہیں، پولیس نے رشوت کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بے امنی اور اسٹریٹ کرائم کو روکا جائے، بصورت دیگر ضلع بھر میں احتجاج کریں گے۔