حکومت سندھ کی حکمت عملی کام کرتی نظر آرہی ہے‘نجم احمد

367

کراچی(صباح نیوز)مون سون سے قبل برساتی نالوں کی صفائی کے حوالے سے بنائی گئی حکومت سندھ کی حکمت عملی کام کرتی نظر آرہی ہے۔ سیکرٹری بلدیات سندھ سید نجم احمد شاہ نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مورخہ 26 مئی سے آغاز ہونے والی نالہ صفائی مہم کے تحت 8جون تک فراہم ہونے والے اعداد و شمار کے نتیجے میں محض چودہ دنوں کے اندر انیس لاکھ، اٹھانوے ہزار، چھہ سو پچیس کیوبک فٹ کچرا نالوں سے نکال لیا گیا جس کو دو ہزار سات سو تہتر ڈمپرز کے ذریعے لینڈ فل سائٹس منتقل کیا گیا ہے اور مزید کام پوری رفتار سے جاری ہے۔ نجم احمد شاہ کے مطابق گوند پاس لینڈ فل سائٹ پر برساتی فضلہ ڈیڑھ ہزار ڈمپرز اور جام چاکر و لینڈ فل سائٹ تک برساتی نالوں سے نکالا جانے والاکچرا بارہ سو تہتر ڈمپرز میں منتقل کیا گیا ہے۔ سندھ حکومت کی اس شاندار کارکردگی کے حوالے سے انجینئر سید نجم احمد شاہ نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ و وزیر بلدیات سندھ کی مستقل رہنمائی کی بدولت نالہ صفائی مہم تیزی کے ساتھ کامیابی کی منازل طے کررہی ہے اور برساتی نالوں کی صفائی کے لئے تشکیل دی گئی کمیٹی موثر انداز سے اپنی ذمہ داریاں سر انجام دے رہی ہے۔ سیکرٹری بلدیات سندھ نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی برساتی نالوں کی مکمل صفائی کا عمل تکمیل کو پہنچ جائے گا اورلوگوں کے لئے سہولیات وآسانیوں کی فراہمی کا مشن مکمل ہوکررہے گا۔