بھینس کالونی : مقابلے میں 3 ڈاکو ہلاک،اہلکار جاں بحق

251

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھینس کالونی میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے کے دوران ایک پولیس اہلکار جاں بحق جب کہ 3ڈاکو مارے گئے ،3 فرار ہوگئے ، مقابلہ ایک گھنٹے تک جاری رہا۔ تفصیلات کے مطابق منگل کی صبح لانڈھی بھینس کالونی روڈ نمبر 5 لٹھ بستی قبرستان کے قریب 6 مسلح ڈاکو ناکہ لگا کر شہریوں سے لوٹ مار کررہے تھے، اسی دوران ڈاکوؤں کے ہاتھوں لٹنے والے دودھ کے ایک بیوپاری نے موٹرسائیکل پر گشت کرنے والے سکھن تھانے کے اہلکاروں کو وارادت کی اطلاع دی تو 2موٹرسائیکلوں پر سوار5پولیس اہلکار موقع پر پہنچے ،ملزمان نے پولیس کودیکھتے ہی فرار ہونے کی کوشش میں فائرنگ شروع کردی ، پولیس اور ملزمان میں ایک گھنٹے فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا ۔ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار موقع پر جاں بحق ہوگیا، فائرنگ کے تبادلے کے دوران 3ڈاکو مارے گئے جبکہ 3ملزمان فرار ہوگئے ،مارے جانے والے ڈاکوؤں کے قبضے سے3 پستول، لوٹے گئے 23 ہزار روپے اور 4 موبائل فونز برآمدہوئے ،شہید اہلکار 31 سالہ نعمان شاہ ولد مسعود سکھن تھانے میں تعینات تھا۔ اطلاع ملنے پر ایس ایس پی ملیرعرفان بہادر موقع پر پہنچ گئے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان کو لٹنے والے 3شہریوں نے پہچان لیا جب کہ پولیس ملزمان کی شناخت کے لیے بائیومیٹرک سسٹم استعمال کررہی ہے ، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور جائے وقوع سے ملنے والے خولوں کو ٹیسٹ کے لیے فارنزک لیب بھجوادیاگیاہے ۔