تاجروں کی وزیراعظم کو عمران خان سے بات چیت، بھارت سے تعلقات بہتر کرنے کی تجویز

244

کراچی: تاجروں نے وزیراعظم شہباز شریف کو عمران خان سے بات چیت کرنے اور بھارت سے تعلقات بہتر بنانے کی تجویز دی ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق دورۂ کراچی کے دوران تاجروں نے وزیراعظم شہباز شریف کو تجویز دی ہے کہ سیاسی صورت حال کے استحکام کے لیے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے بات چیت کی جائے، اسی طرح تجارتی اور معاشی بہتری کے لیے بھارت اور دیگر پڑوسی ملکوں کے ساتھ بھی تعلقات بہتر بنائے جائیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ملاقات میں عارف حبیب گروپ کے سربراہ نے کہا کہ آپ نے جس طرح پیپلز پارٹی کو ساتھ ملا کر حکومت چلا رہے ہیں، اسی طرح اڈیالہ جیل کے اسیروں سے بھی ہاتھ ملائیں۔ انہوں نےکہا کہ ساتھ ہی بھارت سمیت دیگر ممالک کے ساتھ بھی تعلقات میں بہتری لائیں۔ عارف حبیب کا کہنا تھا کہ حکومت نے اسٹاک مارکیٹ کو بلندی پر پہنچایا ہے لیکن بجلی کی قیمت کم کرنے پر بھی حکومت کی توجہ ہونی چاہیے۔

ملاقات میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں ملکی تاجر برادری کا خیال ہے، اسی طرح تاجر برادری کو اب ہدف بنانا ہوگا کہ آئندہ 5 سال میں درآمدات کو دگنا کریں گے۔ ترقی کے سفر میں پاکستان بہت پیچھے ہے، اسے ترقی کی راہ پر دوبارہ گامزن کرنا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے اسمگلنگ ختم کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں، کیوں کہ اسمگلنگ کی وجہ سے ریونیو کافی کم ہوگیا ہے۔

وزیراعظم نے پرائیویٹائزیشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کا یقین دلاتا ہوں کہ جن اداروں کی نجکاری کی جا رہی ہے، اس پورے عمل میں شفافیت کو پیش نظر رکھا جائے گا۔ حکومت انڈسٹریز نہیں چلا سکتی، پالیسی بنا سکتی ہے۔ صنعتوں کو چلانا تاجروں کا کام ہے، ہم ان کے مسائل کا حل اور جائز مطالبات پورے کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ اداروں کی نجکاری کی جارہی ہے یقین دلاتا ہوں نجکاری شفاف ہوگی، حکومت کا کام انڈسٹری چلانا نہیں پالیسی بنانا ہے انڈسٹری چلانا تاجروں کا کام ہے جس کے لیے تاجروں کے جائز مطالبات پورے کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں اس بات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کہ کس صوبے میں کس کی حکومت ہے، ترجیحاً ملک کے لیے کام کرنا ہوگا، چیلنجز کا متحد ہوکر مقابلہ کریں گے تو ملک ترقی کرے گا۔